عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن (جے اینڈ کے بی او ایس ای) نے گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے سالانہ ،ریگولر اِمتحانات 2025 (اکتوبر۔نومبر سیشن) کے لئے ڈیٹ شیٹ جاری کی ہیں جن کے مطابق اِمتحانات بالترتیب 8 ؍نومبر (بارہویں جماعت) اور 19 ؍نومبر (گیا رہویں جماعت) سے شروع ہوں گے۔مجموعی طور پر صوبہ کشمیر اور صوبہ جموں کے وِنٹر زون علاقوں بشمول ضلع کرگل سے تعلق رکھنے والے زائد اَز 1,52,000 طلبأاِمتحان میں شریک ہوں گے جن میں 81,000 گیارہویں جماعت اور 71,000 بارہویں جماعت کے طلبأشامل ہیں۔ یہ اِمتحانات حکومت کی طرف سے بحال کئے گئے اکتوبر۔نومبر سیشن کے تحت منعقد کئے جا رہے ہیں۔ڈیٹ شیٹ کے مطابق بارہویں جماعت کے اِمتحانات 8 ؍نومبر سے اور گیارہوںجماعت کے اِمتحانات 19؍ نومبر سے شروع ہوں گے اور توقع ہے کہ یہ اِمتحانات دسمبر کے دوسرے ہفتے تک مکمل ہو جائیں گے۔جے کے بی او ایس اِی نے تعلیمی سال کے دوران شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کے باعث تعلیمی سرگرمیوں میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ ان جماعتوں کو 15 فیصد نصابی رعایت دی جائے گی یعنی طلبأ اگر 85 فیصد نصاب پر امتحان دیتے ہیں تو اُسے مکمل (صد فیصد) تصور کیا جائے گا۔تمام طلباء ، والدین اور دیگر متعلقہ اَفراد کوتلقین کی گئی ہے کہ وہ گیارہویںجماعت اور بارہویں جماعت کی ڈیٹ شیٹس جے کے بی او ایس ای کی ویب سائٹ www.jkbose.nic.in سے حاصل کریں تاکہ جعلی اور غلط تشریحات سے بچا جا سکے۔