اسلام آباد//پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر عمران خان نے کہا ہے کہ وہ 11 اگست کو پاکستان کے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیں گے ۔ ڈان اخبار کے مطابق مسٹر عمران خان نے پارٹی کے نو منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ بات چیت میں آج یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی کا نام بھی جلد ہی اعلان کر دیا جائے گا۔ سندھ کے بارے میں بات کرتے ہوئے مسٹر عمران خان نے کہا کہ سندھ کے اندرونی علاقوں سے غربت دور کرنا پی ٹی آئی حکومت کی اعلی ترجیحات میں شامل ہوگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ 25 جولائی کو ہونے والے قومی اسمبلی کے انتخابات میں پی ٹی آئی سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھری ہے ، لیکن وہ اکثریت حاصل کرنے سے دور رہ گئی ہے ۔ انتخابات میں پی ٹی آئی کو 115 سیٹیں ملی ہیں اور وہ اکثریت سے 22 سیٹیں پیچھے رہی گئی ہے ۔ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی پارٹی پاکستان مسلم لیگ (نواز) کو 64 اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو 43 سیٹیں ملی ہیں۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق اکثریت جمع کرنے کے لئے پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ( ایم کیو ایم -پی) گرانڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے ) مسلم لیگ قائد اعظم( پی ایم ایل -کیو) بلوچستان عوامی پارٹی ( بی اے پی) کے علاوہ منتخب ہونے والے آزاد ارکان سے بھی رابطہ کیا ہے ۔ادھر مسٹر عمران خان کے خلاف دو دیگر بڑی پارٹیوں مسلم لیگ – نواز اور پی پی پی کے رہنما مرکز میں پی ٹی آئی کی حکومت بننے کی صورت میں اس کے خلاف ساتھ مل کر حکمت عملی کے لئے تیار ہو گئے ہیں۔ پاکستان کی قومی اسمبلی میں کل 342 نشستیں ہیں جن میں سے 272 پر براہ راست الیکشن ہوتا ہے ۔ کسی بھی پارٹی کو حکومت بنانے کے لئے کل 172 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے ۔ حکومت بنانے والی پارٹی کو براہ راست منتخب ہونے والے 272 نمائندوں میں سے 137 کی حمایت کی ضرورت ہوتی ہے ۔ نیشنل اسمبلی میں 60 نشستیں خواتین اور 10 سیٹیں مذہبی اقلیتوں کے لیے مخصوص ہیں، جن کو بالواسطہ طورپر منتخب کیا جائے گا۔ عام انتخابات میں 272 میں سے 270 سیٹوں پر الیکشن ہوا ہے ۔مسٹر عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی کے لئے لیڈر کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کا اعلان 48 گھنٹوں میں کر دیا جائے گا۔ اس سے پہلے پی ٹی آئی کے ترجمان نیمل الحق نے ہفتہ کو صحافیوں سے بات چیت میں کہا تھا کہ مسٹر عمران خان 14 اگست کے پہلے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیں گے ۔یو این آئی