عظمیٰ نیوز سروس
جموں// کرائم برانچ نے ہفتہ کو بتایا کہ پاور آف اٹارنی کے ذریعہ مہاجرین یا تارکین وطن کی کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد کی منتقلی میں مبینہ طور پر ایک دلال کو 8 سال بعد سرینگر سے گرفتار کیا گیا۔کرائم برانچ جموں کی اقتصادی جرائم ونگ کی ایک خصوصی ٹیم نے سرینگر کے گلاب باغ علاقے کے رہائشی غلام رسول میر عرف رسول ڈی سی کو 2007 میں درج ایک کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا۔
ایجنسی نے کہا کہ غلام رسول میر کے خلاف رنبیر پینل کوڈ کی کئی دفعات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ غلام رسول میر کو ریونیو حکام اور2 دیگر فریقوں کے ساتھ ملی بھگت سے تارکین وطن کی جائیداد کی منتقلی میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ غلام رسول میر سمیت 12 ملزمان کے خلاف مقدمے کی چارج شیٹ23 مارچ 2015 کو عدالت میں دائر کی گئی تھی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے غلام رسول میر کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا جو مفرور تھا اور اپنی گرفتاری سے بچ رہا تھا۔