یواین آئی
نئی دہلی// ملک میں جمعہ کو 79واں یوم آزادی پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا اور وزیر اعظم نریندر مودی نے تاریخی لال قلعہ کی فصیل سے بارہویں بار ملک سے خطاب کیا۔قومی راجدھانی میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب لال قلعہ کے احاطے میں منائی گئی۔ مودی نے لال قلعہ کی فصیل پر ترنگا لہرایا۔ قبل ازیں وہ راج گھاٹ گئے، جہاں انہوں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر اعظم نے یوم آزادی پر ہم وطنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ’’آپ سب کو یوم آزادی کی دلی مبارکباد۔ میری خواہش ہے کہ یہ مبارک موقع تمام ہم وطنوں کی زندگیوں میں نیا جوش اور نیا ولولہ لائے، جس سے ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کو نئی رفتار ملے۔‘‘اپنے خطاب میں اگلی نسل کی اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا میں بڑھتی ہوئی معاشی خود غرضی اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ملکی اشیاور خود کفیلی کو اپنا ہتھیار بنائے گا۔ مودی نے 140 کروڑ ہم وطنوں اور تمام سیاسی جماعتوں سے متحد ہو کر ’خوشحال ہندوستان‘ کو اپنی بنیاد بنانے پر زور دیا اور کہا کہ یہ کسی ایک شخص یا پارٹی کا ایجنڈا نہیں ہونا چاہیے، بلکہ ہر ہندوستانی کی زندگی کا مقصد ہونا چاہیے۔ انہوں نے پورے ملک سے سودیشی کے جذبے کو مضبوط کرنے کے لیے متحد ہونے کی اپیل کی اور چھوٹے اور بڑے تمام دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ اپنی دکانوں پر’یہاں سودیشی مال بکتا ہے‘ کے بورڈ لگائیں۔خود کفیل کو وکست بھارت کی بنیاد قرار دیتے ہوئے، انہوں نے جدید ٹیکنالوجی، دفاع اور سلامتی کے نظام، سیمی کنڈکٹرز، مینوفیکچرنگ، اہم معدنیات، توانائی، کھاد، ادویات، خلائی اور اقتصادی، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور سماجی زندگی کے ہر شعبے میں ملک کی طاقت کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار کرنے اور زندگی گزارنے میں آسانی کے لیے اگلی نسل کی اصلاحات کے لیے پرعزم ہے۔ اپنی اب تک کی سب سے طویل تقریر میں مودی نے ملک کے سامنے چیلنجز، ملک کی طاقت اور ملک کے مستقبل کا خاکہ پیش کیا۔ اس میں دفاع اور سلامتی سے لے کر معاشی، سماجی اور تکنیکی میدانوں میں خود کفیلی پر زور دیا گیا ہے۔ اس تناظر میں، انہوں نے نئی اسکیموں اور اقدامات کا اعلان کیا، جن میں نوجوانوں کے لیے روزگار کی اسکیم، فوجی اور سویلین اداروں کی حفاظت کے لیے مشن سدرشن چکر، غیر قانونی دراندازیوں سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ طاقت کا مشن، جی ایس ٹی میں نئی نسل کی اصلاحات، ملک کو 10 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے لیے اصلاحات پر ٹاسک فورس کی تشکیل،لڑاکو طیاروں کے لئے مقامی انجنوں کی ترقی، نیوکلائی توانائی پروڈکشن صلاحیت میں توسیع اور معدنی تیل اور گیس کے لئے گہرے سمندر میں تحقیق کے لئے سمندر سے متعلق غور و خوض جیسے کئی اعلانات شامل ہیں۔انہوں نے سیمی کنڈکٹر مشن کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مائیکرو چپس کی تیاری اسی سال ہندوستان میں شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے خلا میں ہندوستان کی اونچی پرواز کا ذکر کیا اور کہا کہ ملک اپنے طور پر گگن یان مشن کی کامیابی کی سمت کام کر رہا ہے اور اپنا خلائی اسٹیشن بنا رہا ہے۔لال قلعہ میں یوم آزادی کی تقریب کے دوران جب فضائیہ کے ہیلی کاپٹر نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں تو لوگوں نے اس منظر کو اپنے موبائل فون کیمروں میں قید کر لیا۔وزیر اعظم اپنا خطاب ختم کر کے وہاں موجود نیشنل کیڈٹ کور کے طلباء کے درمیان پہنچے۔ این سی سی کے طلباء اپنے درمیان مودی کو دیکھ کر بہت پرجوش نظر آئے اور کئی طلباء نے اپنے موبائل فون پر ان کی تصویریں لیں۔یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے تھے۔ دہلی پولیس اور نیم فوجی دستے کے اہلکار یہاں آنے والے ہر شخص کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھے اور انہیں سیکورٹی اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت دے رہے تھے۔