سرینگر//گورنر این این ووہرا جو شری امر ناتھ شرائین بورڈ کے چئیر مین ہیں نے بورڈ کے سی ای او امنگ نرولہ اور ایڈیشنل سی ای او جتیندر کمار کے ہمراہ براہ راست ویڈیو تصاویر کے ذریعے جاری سالانہ امر ناتھ یاترا کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے دومیل اور چندن واڑی کے کنٹرول گیٹوں کے ذریعے راج بھون سرینگر میں یاترا کنٹرول روم میں یہ تصاویر براہ راست دیکھیں ۔ یاترا کے پانچویں دن آج 15813 یاتریوں نے گپھا میں حاضری دی جبکہ یاترا شروع ہونے سے اب تک 62608 شردھالوو¿ں نے گپھا کے درشن کئے ہیں ۔ گورنر نے ایک اور میٹنگ میں نون ون اور بال تل بیس کیمپوں میں قایم سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹوں کے کام کاج کا جائیزہ لیا اور سی ای او کو ان مراکز میں مزید بہتری لانے کیلئے ضروری کاروائی کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے بورڈ کے سی ای او کو یاترا بیس کیمپوں میں ضروری ٹیکنالوجی کے قیام اور دونوں ٹریٹمنٹ پلانٹوں کی بہتری کیلئے ڈی پی آر فوری طور تشکیل دینے کے احکامات دئیے۔ شرائین بورڈ نے دونوں ٹریٹمنٹ پلانٹوں کو 2013 میں اپ گریڈ کیا تھا ۔ اس کے بعد 2014 میں ان کی مزید اپ گریڈیشن کی گئی تھی ۔