جموں//پرنسپل سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی خورشید احمد شاہ نے یہاں متعلقہ محکموں کے افسروں کی ایک مشترکہ میٹنگ کے دوران آر اینڈ بی سیکٹر میں عالمی بنک معاونت والے پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ سی ای او ای آر اے ڈاکٹر راغب لنگر کے علاوہ چیف انجینئران بھی اس میٹنگ میں موجود تھے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ عالمی بنک کی فنڈنگ سے 429 کروڑ روپے کی لاگت والے کئی سڑک ، پل ، سکول اور کالج پروجیکٹ تکمیل کے مختلف مراحل سے گذر رہے ہیں ۔ کمشنر سیکرٹری نے کہا کہ ان پروجیکٹوں کی تکمیل کیلئے وقت کا تعین کیا گیا ہے تا کہ دستیاب وسائل کو بھی موثر طریقے پر بروئے کار لایا جا سکے ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ اہلیت کے عمل میں ترامیم کی گئی ہے تا کہ مقامی بڈر بھی عالمی بنک کی فنڈنگ والے پروجیکٹوں میں شرکت کر سکیں تا کہ مقامی شراکت داری کو بھی بڑھاوا مل سکے ۔ یہ تمام معاملات بھی اس موقعہ پر عالمی بنک ٹیم کے ساتھ اٹھائے گئے ۔ عالمی بنک ٹیم نے درخواست کے تناظر سے مثبت ردِ عمل کا اظہار کیا ۔ ٹیم نے ریاست میں عملائے جا رہے پروجیکٹوں کی مجموعی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔