شعبے کو معاشی ستون میں تبدیل کرنے کیلئے پُر عزم:نائب وزیراعلیٰ
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے جموں و کشمیر کی دستکاریوںکی روایات کو محفوظ کرنے اور ان میں جدت لانے کیلئے اپنی شاندار خدمات انجام دینے والے 38 ماسٹر کاریگروں اور ہنر مندوں کو یو ٹی لیول آرٹیزن اینڈ ویور ایوارڈز2024 سے نوازا ۔ ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ڈپارٹمنٹ کی جانب سے دئے جانے والے یہ ایوارڈز ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ ایک تقریب میں پیش کئے گئے ۔ تقریب میں کمشنر سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس ، ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر ، سینئر سرکاری افسران ، معززین اور آرٹیزن و تاجر برادری کے اراکین نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم سیکٹر کو ایک متحرک معاشی ستون میں تبدیل کرنے کیلئے پوری طرح پر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈز نہ صرف کاریگروں کی تعریف کرتے ہیں بلکہ ہنر مندوں کو تخلیقی حدود کو آگے بڑھانے اور معاشرے کی انمول خدمت جاری رکھنے کیلئے بھی ترغیب دیتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا ’’ آرٹیزن ایوارڈ جموں و کشمیر کی ہُنر کی روایات کی گہری ثقافتی اور معاشی اہمیت کو مضبوط کرتے ہیں ، جو نہ صرف روز گار فراہم کرتی ہیں بلکہ عالمی سطح پر ہماری شناخت تشکیل دیتی ہیں ‘‘۔ 38 ایوارڈ یافتگان میں سے 20 کشمیر ڈویژن اور 18 جموں ڈویژن سے تعلق رکھتے ہیں جو دس نوٹیفائیڈ دستکاری زمرہ جات میں سخت جائزہ لینے کے بعد منتخب کئے گئے ۔ ہر زمرہ میں تین ایوارڈ تھے ، فاتحین کو اعزازی اسناد اور 50 ہزار روپے ، 30 ہزار روپے اور 20 ہزار روپے کے نقد انعامات دئیے گئے تا کہ وہ اپنی ہنر کو مزید بہتر بنا سکیں ۔