سرینگر//300کروڑ روپے کی واجب الادا رقوم کی واگزار ی کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹھیکیداروں نے دھمکی دی کہ اگر10روز کے اندر بقایاجات رقومات کو واگزار نہیں کیا گیا تو 5اگست سے تعمیراتی دفاتر کو مقفل کرنے کے علاوہ تعمیراتی کاموں کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔لال منڈی سرینگر میں سینٹرل کنٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی کے دفتر پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کمیٹی کے جنرل سیکریٹری فاروق احمد ڈار نے اس بات پر زبردست تشویش کا اظہار کیا کہ انتظامیہ ٹھیکیداروں کے واجب الادا رقوم کو واگزار نہیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رقومات کو واگزار نہ کرنے کی وجہ سے سینکڑوں چھوٹے ٹھکیداروں کو سخت ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کمیٹی نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ10دنوں کے اندراگر رقومات کو واگذار نہیں گیا تو5اگست سے وہ تعمیراتی دفاتر کو مقفل کریں گے۔ انہوں نے10لاکھ روپے تک ٹینڈروں کو ای ٹینڈرنگ سے دور رکھنے کے طریقہ کار میں تبدیلی لانے کا بھی مطالبہ کیا۔