سرینگر //گو رنر انتظامیہ نے ریاست جموں کشمیر میں 30سے زیادہ غیر ملکی ٹی وی چینلز کی نشر یات بند کر نے کے احکامات صادر کئے ہیں ۔مر کزی وزارت برائے اطلاعات و نشر یات نے ان چینلوں کی نشر یات کو امن و قانون کے لئے خطرہ قرار دیتے ہو ئے اس حوالے سے ریاست جموں کشمیر کے حکام کو با ضا بطہ طورمکمل طور پابندی عائد کر نے کیلئے اقدامات اٹھانے کو کہا ہے۔ ادھر کیبل آپریٹرس نے پابندی کو بلاجواز قرار دیتے ہو ئے کہا کہ اس حکمنامے کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے ۔ ریاستی حکومت نے کیبل آپریٹر مالکان کو ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ 3روز کے اندر اندر ایسی تمام سیٹلائٹ چینلوں کی نشر یات بند کر دیں جن کو چلانے کی اجازت نہیں ہے ۔ان چینلوں میں پاکستان ،ایران ،عراق اور سعو دی عرب سے تعلق رکھنے والی 30سے زیادہ نیوز ،مذہبی اور کچھ میوزک اور سپورٹس چینلیں بھی شامل ہیں۔محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق کیبل آپریٹرس سے کہا گیا ہے کہ ایسی چینلوں کی نشریات امن و قانون کے وسیع تر مفاد میں بند کی جائیں اور خلاف ورزی کر نے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ادھر کیبل آپریٹرس نے حکم نامے کو بلا جواز قرار دیتے ہو ئے کہا کہ اگر حکم نامے کو واپس نہیں لیا گیا تو ہم ممکنہ طور پر کیبل سروس کو ہی بند کر دیں گے ۔معلوم ہوا ہے کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سرینگر کی جانب سے ایک حکمنامہ زیر نمبر DMS/JUD/Misc/667-668/2018جاری کیا گیا ہے جس میں محکمہ داخلہ کے ایک حکمنامے Ps/HOME/2018-60 بتاریخ جو لائی 2 کا حوالہ دیا گیا ہے کہ کیبل آپریٹرس ضلع سرینگر کے دائرہ اختیار میںپرائیویٹ اور پابندی شدہ ٹیوی چینلوں کی نشر یات چلارہے ہیںلہٰذا کیبل آپریٹرس مالکان منسٹری آف انفار میشن اینڈ براڈ کاسٹنگ کی طرف سے جن چینلوں پر پابندی عائد ہے انہیں فوری طور پر بند کیا جائے ۔معلوم ہوا ہے کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے وادی بھر کے اے ڈی سیز کوPs/HOME/2018-60بتاریخ جو لائی 2 ایک حکمنامہ روانہ کیا گیا ہے جس میں انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے ضلع مقامات پر کام کر رہے کیبل آپریٹرس کو اس حکمنامے پر عمل کروائیں ۔حکمنامے میں ایسی 30چینلوں کی نشر یات بند کر نے کو کہا گیا ہے جن پر پہلے سے ہی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔حکمنامے میں کیبل آپریٹرس سے واضح طور پر کہا گیا ہے کہ وہ اگلے 3روز کے اندر اندر ان چینلوں کی نشریات بند کریں ورنہ ان کے خلاف قانی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔کیبل ٹیلی ویژن نیٹورک رگو لیشن ایکٹ (1995) سیکشن 19کے تحت حکمنا مے میں کہا گیا ہے کہ آپ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ آپ ایسے تمام چینلوں کی نشریات بند کردیں جن پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ان میں سے بیشتر مذہبی ٹی وی چینل جیسے پیس ٹی وی اردو۔ پیس ٹی وی انگلش، سعودی سنت، سعودی قرآن، العربیہ، پیغام، ہدایت، نور، مدنی، سحر، کربلا، ہادی اور اہلبیت شامل ہیں۔ پاکستانی چینلز جیو ،اے آر وائی نیوز ،ایشیا ،اے بی بی تک ،ٹی وی 92،نئی دنیا ،نیوز سامنا ،نیوز جیو ،تیز ایکسپریس وغیر ہ بھی شامل ہیں۔کیبل آپریٹرس سے کہا گیا ہے کہ وہ اس حوالے سے ایک تصدیق شدہ حلف نامہ بھی متعلقہ ایڈشنل کمشنر کے دفتروں میں پیش کرے ۔ادھر کیبل آپریٹرس نے کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے ایک میٹنگ طلب کی ہے ۔انہوں نے حکمنامے کو بلاجواز قرار دیتے ہو ئے کہا کہ اس حکمنامے کو فوری طور پر واپس لیا جائے ۔