سرینگر//شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد 28ہوگئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سال 2017کے اختتام تک سوائن فلو کی بیماری نے 25افراد کی جان لی ہے جبکہ 139افراد سوائن فلو سے متاثر ہوئے تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ سال 2018کے پہلے 7دنوں میں 6افراد سوائن فلو کی بیماری سے متاثر ہوئے جن میں 3کی موت واقع ہوگئی ہے۔سوائن فلو نے ابتک وادی میں 28افراد کو اپنا شکار بنالیا ہے اور سخت سردی کی وجہ سے سوائن فلو بیماری سے شکار مریضوں کے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ سکمزمیں موجود ذرائع سے کشمیر عظمیٰ کو معلوم ہوا ہے کہ سوائن فلو مریضوں کیلئے بنائے گئے مخصوص وارڈ کو 4دن قبل اگرچہ بند کردیاگیاہے تاہم اسکے باوجود بھی مریضوں کے آنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اب سوائن فلو مریضوں کو انتہائی نگہداشت والے وارڈ میںرکھا گیا ہے جہاں ابھی بھی 4مریض زیر علاج ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اکتوبر مہینے سے لیکر 31دسمبر 2017تک 400سے زائد افراد میں سوائن فلو میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی تھی جن میں 139کو اسپتال میں علاج و معالجہ کیلئے داخل کیا گیا ۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ سال 2017کے تین ماہ میں سب سے زیادہ 25افراد کی موت واقع ہوئی تھی۔