سرینگر //این سی اور پی ڈی پی نے پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو یکطرفہ قرار دیا ہے۔کانگریس آج فیصلہ کرے گی۔نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کہا ہے کہ انتخابات سے متعلق شیڈول جاری کرنا حکومت کی طرف سے طاقت کے نشے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب یہ دیکھا جائے گا کہ ان انتخابات کا حشر کیا ہوگا جب ریاست کی 2بڑی مقامی سیاسی جماعتیں بائیکاٹ کا راستہ اختیار کرتی ہے۔انہوں نے صاف کردیا کہ پارٹی کسی بھی شخص کو اس بات کی اجازت نہیں دے گی کہ نیشنل کانفرنس کے نام پر درپردہ طور الیکشن میں حصہ لے یااگر پارٹی سے وابستہ کوئی بھی کارکن الیکشن عمل کاحصہ بنتا ہے تو اس کے خلاف بابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پی ڈی پی کے ترجمان اعلیٰ رفیع میر نے بتایا کہ انتخابات کا شیڈول حکومت کا یکطرفہ فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیاستی جماعتوں کو اعتماد میںلئے بغیر ہی فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پارٹی کی طرف سے کوئی بھی شخص درپردہ طور پر انتخابات میں ملوث نہیں ہوگا اور جس کسی بھی شخص کو انتخابی عمل میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کانگریس صدر غلام احمد میر نے بتایا کہ سوموار کو تمام پہلوئوں کو مدنظررکھ کر ہی انتخابات میں شرکت کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ لیں گے۔کے این ایس