سرینگر//راج بھون کے صحن میں چوتھے بین الاقوامی یوگا دن کے سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں یوگا سوسائٹی آف کشمیر سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے حصہ لیا اور 45 منٹ کا ایک سیشن منعقد کیا ۔ گورنر این این ووہرا ، اُن کی اہلیہ اوشا ووہرا ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ ، گورنر سیکرٹریٹ سے وابستہ ملازمین اور سیکورٹی افسران نے یوگا سیشن میں حصہ لیا ۔ اس دوران گورنر این این ووہرا نے شیر کشمیر انڈور سپورٹس کمپلیکس میں ڈائریکٹوریٹ آف انڈین سسٹم آف میڈیسن اینڈ ہومیو پیتھی کی جانب سے منعقدہ چوتھے بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریب میں شرکت کی ۔ گورنر نے کہا کہ جسمانی اور دماغی صحت و توازن کو برقرار رکھنے کیلئے یوگا ایک بہترین سائینسی طریقہ ہے جس کو اب عالمی سطح پر اپنایا جا رہا ہے ۔ جسمانی اور ذہنی نشو و نما میں یوگ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے گورنر نے زور دے کر کہا کہ یوگا کو تعلیمی اداروں میں بنیادی سطح پر شامل کیا جانا چاہئے اور بزرگ شہریوں کو اس کی تربیت دینے کے انتظامات بھی کئے جانے چاہئیں ۔ اس سے قبل گورنر نے یوگ ماہر دیپک شرما کے یوگا ورزش کیمپ میں شرکت کی اس نشست میں تقریباً ایک ہزار افراد نے شرکت کی ۔ صحت و طبی تعلیم کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر پون کوتوال نے اپنے افتتاحی خطبے میں کہا کہ یوگا کو زندگی کا ناقابلِ تنسیخ حصہ بنایا جانا چاہئے ۔ یوگا سیشن میں ڈائریکٹر انڈین سسٹم آف میڈیسن نیرج کمار نے بھی شرکت کی ۔ جموں میں جوش و خروش کے ساتھ یوگا دن منایا گیا۔تقریب کا انعقاد آیوش محکمہ نے سٹیڈیم جموں میں کیا تھا جہاں یوگا کے ماہرین ، نوجوانوں ، طلاب اور بزرگوں نے انتہائی شوق سے شرکت کی ۔وزیر اعظم کے دفتر میںمرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ پارلیمنٹ ممبر جگل کشور شرما ،ڈویژنل کمشنر جموں ہیمنت کمار شرما ، ڈپٹی کمشنر جموں راجیو رنجن اے ڈی سی ارون منہاس نے بین الاقوامی یوگا دِن پر تقریب میں حصہ لیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرجتندر سنگھ نے کہاکہ یوگا کو تمام امراض کے بہتر علاج و معالجہ کے لئے عالمی سطح پر منظوری حاصل ہوئی ہے اور اگر اس طرز علاج کو باقاعدگی کے ساتھ اپنایا جائے تو ایک انسان کی ذہنی کوفت کے علاوہ اس کا جسم ، دماغ اور دل کا سکون حاصل ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ بین الاقوامی یوگا دن منانے کا مقصد دنیا بھر میں لوگوں کو یوگا کے فوائد سے روشناس کرنا ہے ۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ یوگا کو اپنا کر اپنی صحت و تندرستی یقینی بنائیں۔کرگل پولیس کی جانب سے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کرگل میں عالمی یوگا دن منایا گیاجس میں 80افسران ، جوانوں ، خواتین ایس پی اوز نے شرکت کی ۔ اس کے علاوہ ایڈیشنل ایس پی کرگل ارون گپتا اور ڈی ایس پی ’ڈی اے آر‘ کرگل رگزن سنگ دیپ بھی اس تقریب میں موجود رہے ۔ یوگا کا بنیادی مقصد افسران اور جوانوں میں جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کومضبوط بنانا ہے۔ یوتھ سروس این سپورٹس نے یوگا تربیت کیلئے دو ماہر استادوں کی خدمات فراہم کی ۔ اس موقع پر ماہراساتذہ نے یوگا کے فوائد کے بارے میں جانکاری دی۔ تقریب پر پولیس کے ایک آفیسر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوگاجسمانی تندرستی کو برقرار رکھنے کیلئے بے حد ضروری ہے ۔ لہذا نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ یوگا کریں تاکہ وہ مستقبل میں ایک خوشحال اور صحنت زندگی گزار سکیں۔ گاندربل سے نامہ نگار ارشاد احمد کی اطلاع کے مطابق گورنمنٹ فزیکل کالج گاندربل میں عالمی یوگا دن منایا گیا جس کے لئے سنٹرل یونیورسٹی آف کشمیر،محکمہ آئی ایس ایم ایوش،محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس جموں و کشمیر کا تعاون بھی شامل تھا۔جہاں فزیکل کالج میں زیر تعلیم طلبہ،گاندربل کے مختلف نجی سکولوں کے سینکڑوں طلباء نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل ڈاکٹر پیوش شنگلا ،سنٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین،رجسٹرار سنٹرل یونیورسٹی آف کشمیر پروفیسر افضل زرگر،ڈین سنٹرل یونیورسٹی کشمیر ایس فیاض احمد،اسسٹنٹ ریونیو کمشنر گاندربل،پرنسپل فزیکل کالج ڈاکٹر ہرتیج سنگھ،پروفیسر این اے وازہ،پروفیسر مشتاق احمد آزاد،پروفیسر ریشی کمار،پروفیسر شوکت حسین اور یوتھ سروس اینڈ سپورٹس کے استاد موجود تھے۔آرگنائزر مشتاق احمد آزاد اور یوگا انسٹریکٹر عرفان حسین کی جانب سے انٹرنیشنل یوگا دن کو کامیاب بنانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی تھی۔