عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
ایتھنز //یونان کے سیاحتی جزیرے سینٹورینی میں زلزلے آنے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت پیر کے روز اسکول بند رکھے گئے۔ سینٹورینی اور قریبی جزائر ریکارڈ شدہ تاریخ میں آتش فشانی کا سب سے بڑا مقام ہیں۔ اس کے گرد وپیش کے سمندر میں جھٹکوں کے بعد شہری تحفظ کے وزیر واسیلیس ککیلیاس نے ہنگامی اقدام کا حکم دیا۔چند روز کے دوران جزیرے پر ہلکی شدت کے درجنوں زلزلے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں جن میں اب تک شدید ترین زلزلے کی شدت 4.6 تھی۔ایتھنز یونیورسٹی کے شعبہ طبیعات کے مطابق زلزلے آتش فشاں کی سرگرمی کے بجائے ارضیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آرہے ہیں۔ادھر انڈونیشیا کے شمالی ملوکو صوبے میں منگل کی صبح 6.1 شدت کا زلزلہ آیا، لیکن اس سے بڑی لہریں نہیں اٹھیں۔ایجنسی نے زلزلے کی شدت پر نظر ثانی کرنے سے پہلے کہا تھا کہ اس کی شدت پر 6.2 تھی۔یہ زلزلہ جکارتہ کے وقت کے مطابق منگل (2135 جی ایم ٹی پیر) کی صبح 04:35 پر آیا، اس کا مرکز شمالی ہلمہیرہ ریجنسی میں دوئی جزیرے سے 86 کلومیٹر شمال مشرق میں سمندر کی سطح سے نیچے 105 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی کیونکہ زلزلے سے بڑی لہریں پیدا ہونے کی توقع نہیں تھی ۔ پیسیفک رنگ آف فائر کے نامی حساس متاثرہ علاقے پر واقع، انڈونیشیا اکثر زلزلوں کی زد میں رہتا ہے ۔