سرینگر //جموں وکشمیر پولیس نے دختران ملت کی طرف سے سری نگر میں ’یوم پاکستان‘ کی تقریب منعقد کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تنظیم کے خلاف پولیس تھانہ صورہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ریاستی پولیس کی طرف سے جمعہ کی شام یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ’پولیس کو دختران ملت تنظیم کی کچھ غیرقانونی حرکتوں کے بارے میں سوشل میڈیا ویڈیوز اور دوسرے قابل اعتماد ذرائع سے پتہ چلا ہے۔ اس تنظیم کی حرکتوں نے غیرقانونی سرگرمیوں کے انسداد سے متعلق قانون کی مختلف دفعات کو دعوت دی ہے‘۔ پولیس بیان میں کہا گیا ’انہوں (تقریب کے شرکاء) نے اینٹی نیشنل نعرے لگاکر اور نفرت انگیز و اشتعال انگریز تقریر کرکے پینل کوڈ کی مختلف دفعات کو بھی دعوت دی ہے‘۔ بیان میں مزید کہا گیا ’پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اس سلسلے میں پولیس تھانہ صورہ میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے‘۔