سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن اور پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے حضرت علی ؑ کے یوم ولادت باسعادت پر عالم انسانیت کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی میں کئی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جہاں علمائے دین نے خلیفہ چہارم حضرت علی المرتضیٰ ؑ کے سیرت و کردار اور مقام و منزلت کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں اس سلسلے کی ایک پُروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید حسن نے فرزندان اسلام سے تلقین کی کہ وہ امت مسلمہ کی موجودہ زبوں حالی اور پریشان کُن صورتحال کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے حیدری جوش و جذبہ کا مظاہرہ کریں ۔آغا حسن نے کہا کہ حضرت علی ؑ کی عظمت اور مقام و منزلت کا سب سے نورانی پہلو اسلام اور حضرت محمد عربی کی ذات مقدس سے عشق و محبت ہے۔ پیروان کے سربراہ مولاناسبط محمد شبیر قمی نے امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ13 رجب المرجب تاریخی اہمیت کا حامل ہے ۔مولانا قمی نے کہا کہ عالم اسلام میں خون ریزی اورتباہ و بربادی کا بنیادی سبب یہ ہے کہ حضرت علی ؑ کی سیرت طیبہ سے دوری اختیار کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی ؑ کی سیرت طیبہ میں شجاعت، سخاوت اورصبر و استقامت جیسے بیش بہا اور لازوال خزانے چھپے ہوئے ہیں جن سے استفادہ حاصل کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔