عظمیٰ نیوز سروس
جموں//75 ویں یوم جمہوریہ 2024 کی تقریبات کے سلسلے میں فل ڈریس ریہرسل پورے جموںصوبہ میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی گئی۔اس سلسلہ میں اسپورٹس اسٹیڈیم کٹھوعہ میں فل ڈریس ریہرسل بڑے جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رنجیت سنگھ نے پولیس، سی آر پی ایف، فاریسٹ پروٹیکشن فورس، این سی سی کے علاوہ پولیس بینڈ کی تشکیل پر مشتمل ایک شاندار مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔طلباء نے حب الوطنی اور ثقافتی موضوعات پر مبنی ایک شاندار ثقافتی پروگرام پیش کیا۔ اس کے علاوہ لوک رقص اور موسیقی بھی پیش کی گئی۔اے ڈی سی نے کہا کہ ’یوم جمہوریہ ہر وقت اتحاد اور سالمیت کی اعلیٰ ترین قدر کو برقرار رکھنے کے عزم کی توثیق کرنے کا ایک موزوں موقع ہے۔انہوں نے شرکت کرنے والے طلباء پر زور دیا کہ وہ جشن کی تاریخ کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنانے کے لئے حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔یوم جمہوریہ کے موقع پر اسپورٹ اسٹیڈیم ڈوڈہ میں ایک فل ڈریس ریہرسل کا آغاز ہوا، جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر روی کمار بھارتی نے رسمی کارروائی میں اہم کردار ادا کیا۔ قومی پرچم لہراتے ہوئے موصوف نے مارچ پاسٹ میں سلامی لی جس میں جموں و کشمیر پولیس،نیم فوجی دستوں اور سکولی بچوں کی ٹیموں نے شرکت کی ۔ مختلف تعلیمی اداروں کے دس ثقافتی گروپوں نے کمیونٹی کی متنوع صلاحیتوں اور شراکت کو اجاگر کرتے ہوئے اس تقریب میں رونق پیدا کی۔ اپنے خطاب اے ڈی سی نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ 26 جنوری 2024 کو یوم جمہوریہ کی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، جوش و جذبے اور قومی فخر کو فروغ دیں۔دریں اثنا، بھدرواہ کے نیو بس اسٹینڈ پر ایک جامع ڈریس ریہرسل ہوئی۔ تقریب کی صدارت تحصیلدار عمر جہانزیب نے کی، شاندار مارچ پاسٹ کے دوران ترنگا لہرایا اور سلامی لی۔ جے کے اے پی کے دستے اور ڈگری کالج بھدرواہ کی این سی سی گرلز کے سینئر ونگ کے پلاٹون نے اپنے نظم و ضبط اور درستگی کا مظاہرہ کیا۔سازگار موسمی حالات کے درمیان ڈی سی آفس کمپلیکس منی سیکرٹریٹ کشتواڑ میں ایک جامع فل ڈریس ریہرسل کا آغاز ہوا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اندرجیت پریہار نے ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی جس میں سی آر پی ایف، پولیس، سی آئی ایس ایف، آئی آر پی، جی ڈی سی کشتواڑ کے این سی سی (سینئر ڈویڑن)، فاریسٹ پروٹیکشن فورس، ہوم گارڈ اور اسکول کے بچوں نے پریڈ کی قیادت کی۔سکول کے بچوں اور مقامی فنکاروں نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیا ۔اپنے خطاب میں اے ڈی سی نے ووٹ کے حق کے ساتھ ساتھ ہندوستانی آئین کے نظریات جیسے سالمیت، خودمختاری، بھائی چارے پر روشنی ڈالی۔ ضلع سانبہ نے یوم جمہوریہ کی آئندہ تقریبات کے لئے فل ڈریس ریہرسل کی کامیابی سے میزبانی کی۔ یہ تقریب رانی سچیت سنگھ اسٹیڈیم، آرازی، سانبہ میں ہوئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سریش چندر شرما نے کارروائی کی صدارت کی۔ انہوں نے ترنگا لہرایا، ضلع پولیس لائنز کے علاوہ پولیس، این سی سی اور تعلیمی اداروں کے دستوں کے شاندار مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔اس پروگرام میں ہندی، پنجابی اور ڈوگری زبانوں میں گانے، رقص اور گانے کی پرفارمنس سمیت ثقافتی اور حب الوطنی کے اظہار کا ایک متحرک ڈسپلے پیش کیا گیا۔اے ڈی سی نے پریڈ کی کارکردگی اور تقریبات کے لئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ضلع رام بن میں حب الوطنی کے پرجوش مظاہرے میں، 75ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات کیلئے فل ڈریس ریہرسل ڈسٹرکٹ پولیس لائنز، رامبن میں گونج اٹھی۔اس تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رامبن، ہربنس لال شرما نے قومی پرچم لہراتے ہوئے اور دستوں سے سلامی لی ۔ادھم پور ضلع میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کی تیاری کے سلسلے میں گورنمنٹ پی جی کالج بوائز ادھم پور میں فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ادھم پور، سلونی رائے نے صبح قومی پرچم لہرایا اور ضلع پولیس، ایس کے پی اے، رضاکار ہوم گارڈز، این سی سی اور دیگر سول دستوں کے 25 دستوں پر مشتمل ایک شاندار مارچ پاسٹ سے سلامی لی۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نے ادھم پور کے شہریوں کو یوم جمہوریہ کے موقع پر مبارکباد دی۔ انہوں نے 26 جنوری 1950 کو ہندوستان کے آئین کو اپنانے اور آزادی کے لئے آباؤ اجداد کی جدوجہد کو تسلیم کرتے ہوئے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کی دور اندیش قیادت اور جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری میں ترقی اور خوشحالی کیلئے حکومت کے عزم پر زور دیا۔