جموں //ریاستی گورنر ستہ پال ملک نے سیاسی جماعتوں پر الزام لگایا ہے کہ وہ سرکاری ملازمین کا یوم جمہوریہ کی تقریب میں شامل ہونے کے معاملے میں سیاست کررہے ہیں، اور وہ سرکاری حکمنامے کو حق و جانب قرار دینے پر کاربند ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حکمنامے میں کوئی غلطی نہیں ہے۔گورنر نے کہا’’ میں اس عہد پر قائم ہوں کہ یہ کوئی نیا آرڈر نہیں ہے،اس طرح کے احکامات 2009سے چلے آرہے ہیں،ایسا مجھ سے پہلے بھی کیا جاتا تھا،ہر سال اسی طرح کا آرڈر جاری ہوتا رہا ہے،اس میں کاما یا فل سٹاف کی تبدیلی نہیں ہے‘‘۔انکا کہنا تھا ’’ میرے پاس 2009سے لیکر 2018تک کے آرڈر موجود ہیں‘‘۔ڈپٹی سیکریٹری چندر پرکاش نے ایک حکمنامہ جاری کیا ہے جس میں تمام سرکاری ملازمین کو 26جمہوریہ کی تقریبات میں حسہ لینے کے احکامات دیئے گئے ہیں اور احکامات نہ ماننے کی صورت میں ان کیخلاف تادیبی کارروائی کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔اس میں کہاگیا ہے کہ سرینگر اور جموں میں مقیم تمام افسر اور ملازم اپنی سرکاری ڈیوٹی کے بموجب تقریبات میں شرکت کریں گے۔گورنرنے کہا کہ یہ حکم تمام ملازمین تک پہنچاہے۔اس میں کچھ غلط نہیں ہے ۔(اس دن )اُن کی ڈیوٹی ہے اور وہ حاضر رہنے چاہیے ۔اسی لئے یہ اُنہیں بھیجا گیا ہے۔اس میں اُن پر قوم پرستی تھوپنے والی کوئی بات نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس میں قوم پرستی تھوپنے والی بات کہاں سے آگئی؟اُنہیں اپنی معمول کاکام کرنا ہے۔
گورنر نے سیاسی جماعتوں کی طرف سے اس مسئلہ کو سیاسی رنگت دینے کی سرزنش کرتے ہوئے کہاکہ وہ مردہ ہوچکی ہیں اوروہ اپنی ساکھ کھورہی ہیں اسی لئے فرقہ پرستی پر اُتر آئی ہیں ۔انہوں نے کہا مہربانی کرکے ایسا مت کیجئے یہ ٹھیک نہیں ہے ۔گورنر نے الزام لگایا کہ سیاسی جماعتیں اس معاملے کو سیاسی رنگ دے کر سماج کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کررہی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کی سیاست نے کشمیر کوتباہ کیا ہے ۔پی ڈی پی کے رہنما وحیدپرہ نے کہا کہ قوم پرستی کو کبھی ڈکٹیٹ نہیں کیا جاسکتاہے۔اس طرح کی تقریبات میں شمولت اپنی مرضی سے ہونی چاہئے نہ کہ جبری طرز عمل سے۔اس سے صاف ظاہر ہے کہ ’[اٹوٹ انگ‘میں کس طرح امور انجام پاتے ہیں ‘‘۔حب الوطنی زور زبردستی سے نہیں بلکہ فطری ہونا چاہئے ۔سابق ممبر اسمبلی انجینئر رشید نے اس حکمنامے کو ’’غیر آئینی قراردیا۔بی جے پی لیڈر رام مادھو نے گورنر کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ اس حکم کو فخریہ انداز سے قبول کیا جانا چاہئے ۔یہ ہم ہندوستانی کیلئے ایک قابل فخر تقریب ہے ۔ہم سبھی کو یوم جمہوریہ کی تقریب میں حصہ لینا چاہئے ۔