سرینگر//امور داخلہ کی مرکزی وزارت نے ریاست جموں و کشمیر کے ایس پی اوز کے مشاہرے میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ وزارت داخلہ کے مطابق ریاستی حکومت کی اس تجویز کو منظوری دی گئی جس کے تحت ریاستی حکومت نے ایس پی اوز کے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ کرنے کی درخواست کی تھی ۔ احکامات کی رو سے ،جنہوں نے پانچ سال سے کم مدت کیلئے بحثیت ایس پی اوز اپنی خدمات پیش کی ہوں ، کو ماہانہ چھ ہزار روپے کا مشاہرہ فراہم کیا جائے گا اور جنہوں نے پانچ سال کی نوکری مکمل کی ہو انہیں 9 ہزار روپے اور جنہوں نے 15 سال بحثیت ایس پی او کام کیاہو، انہیں 12 ہزار روپے کا مشاہرہ دیا جائے گا ۔ حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ مشاہرے کی نئی سکیل پر فوری طور عمل درآمد ہو گی ۔ریاستی محکمہ داخلہ کے مطابق ریاستی سرکار نے جو سفارشات مرکزی داخلہ وزارت کو بھیجی تھیں ان پر 48گھنٹوں میں عملدر آمد کیا گیا۔ ریاستی محکمہ داخلہ کے مطابق اس مشاہرے میں اضافے کی بدولت 30 ہزار ایس پی اوز مستفید ہوں گے ۔ ریاستی محکمہ داخلہ کے مطابق فی الوقت ریاستی سرکار نے ایس پی اوز کیلئے جو سکیل ترتیب دی تھی اسکی رو سے جس نے ایک سال کی خدمات انجام دی ہوں، انہیں 5ہزار،جنہوں نے ایک سے دو سال کی خدمات انجام دی ہوں انہیں ماہانہ ساڑھے پانچ ہزار اور جنہوں نے 2سال یا زائد کا عرصہ مکمل کیا ہو انہیں 6ہزار ماہانہ دیا جاتا تھا۔ادھرریاستی پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے ایس پی ائوز کی تنخواہوں میں اضافے پر مرکزی حکومت اور ریاستی گورنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہ اس عمل سے بہت دور تک ایس پی ائوز کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس نے راجناتھ سنگھ ،ریاستی گونر اور انکے مشیروں سمیت چیف سیکریٹری کے ان اقدامات کی سراہنا کی،جس کے تحت ایس پی ائوز کی تنخواہوں میں اضافہ ہوا۔