سرینگر//وزیرتعلیم سید محمد الطاف بخاری نے وادی کے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ بیرون ریاست کھیل سرگرمیوں میں شرکت کریں تاکہ ان کے کھیل صلاحیتوں میںنکھار پیدا ہوسکے اور وہ قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہر ہ کرسکیں۔وزیر موصوف جو آج یہاں مہمان خصوصی کی حیثیت سے انعامات تقسیم کررہے تھے نے کہا کہ کھیل میں بہتری لانے کے لئے کھلاڑی پر لازمی ہے کہ وہ بیروہ ریاست مقابلوں میں شر کت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے ریاست کی ٹیموں کو نئی ثقافتوں سے متعلق نئی چیز یں سیکھنے کو ملتی ہے اور وہ اپنے کھیل میں بھی بہتری لاسکتے ہیں۔اس ٹورنامنٹ کا انعقاد پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس آف انڈسٹریز نے شیر کشمیر سٹیڈیم میںکیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کرکٹروں کے لئے بہترین موقعہ ہے کہ وہ ملک بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواسکیں۔بخاری نے اس موقعہ پر غنی گلائیڈرس بلیوز کو جیتنے والے ٹرافی جبکہ غنی گلائیڈرس ریڈ کو رنر اَپ ٹرافی پیش کی۔