سرینگر//بار ایسو سی ایشن نے لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک اور دیگر2افراد کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے17برس قبل زیر سماعت کیس میں غیر ملکی کرنسی منیجمنٹ قانون کے تحت نوٹس اجرا کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حربہ مزاحمتی لیڈروں کو خوف زدہ کرنے اور انکی سرگرمیوں کو ختم کرنے کیلئے آزمائے جا رہے ہیں۔بار ایسو سی ایشن نے کھاگ بیروہ میں ایک ہی کنبے کے درجنوں افراد بشمول ایک استاد کوفوج کی طرف سے تشدد کا نشانہ بنانے پر بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کاروائی کو انسانی حقوق کی بدترین پامالی قرار دیا۔بار ایسو سی ایشن نے اس طرح کی کاروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔بار نے سرینگر ہوائی اڈے پر شراب خانہ کھولنے کے منصوبے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے دبائو کی وجہ سے اگر چہ یہ مجوزہ منصوبہ سرد بستے کی نذر کیا گیا ہے،تاہم دیگر مئے خانوں کو بھی بند کیا جانا چاہے،جو براہ راست کشمیر کی تہذیب اور ثقافت کیلئے خطرہ ہیں۔