فیاض بخاری
بارہمولہ // شمالی قصبہ پٹن کے ایک خوبصورت گائوں یادی پورہ دور جدید میں بھی طبی سہولیات سے محروم ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق اس دیہات میں ایک ہزار سے زائدافراد زندگی بسر کر رہے ۔ تاہم سرکار نے یہاں پر ایک بھی ہیلتھ سینٹر دستیاب نہیں رکھا ہے جس کی وجہ سے یہاں کے بیماراور تیمادار زبردست مشکلات سے دو چار ہیں ۔ایک مقامی شہری غلام حسن نے بتا یا کہ ہیلتھ سنٹر کی عدم دستیابی کی وجہ سے اس گائوں کے لوگ اس دور میںبھی طبی سہولیات سے محروم ہیں اور بیماروں کو آج بھی کئی کلو میٹر دور پٹن اور دیگر اسپتالوں کا روخ کرنا پڑہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر چہ اس بارے میںمقامی لوگوں نے کئی بار متعلقہ حکام کو مطلع کیا تھا تاہم اُنہوں نے اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا ۔انہوں نے بتایا کہ اگر چہ اس دیہات میں محکمہ صحت کی جانب سے ایک عمارت کرائے پر تھی جو منہدم ہوچکی اور ابھی تک متعلقہ محکمہ نے اس ہیلتھ سنٹر کیلئے کوئی انتظام نہیں کیا ہے جس کے نتیجے میں بیماروں اور تیماداروں کو مشکلات سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے ۔ لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ یہاں پر فوری طور ایک ہیلتھ سنٹر دستیاب رکھیں تاکہ لوگوں کو مشکلات سے نجا ت مل سکیں۔