نیوز ڈیسک
سرینگر// جاری امرناتھ یاترا میں یاتریوں کی تعداد میں کمی کا رجحان ظاہر ہو رہا ہے کیونکہ ان میں سے صرف 1,147 کا قافلہ جموں سے جڑواں بیس کیمپوں کے لیے روانہ ہوا۔منگل اور بدھ کو بالترتیب 2,189اور 1,147عقیدت مندوں کی جموں سے روانگی ہوئی۔عہدیداروں نے بتایا کہ یاتریوں کی 26واں قافلہ بدھ کی صبح بھگوتی نگر یاتری نواس سے 47 گاڑیوں میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس کی طرف سے فراہم کی گئی سخت حفاظت کے درمیان روانہ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ بالتل کی طرف روانہ ہونے والے 476 یاتری سب سے پہلے 18 گاڑیوں میں روانہ ہوئے، اس کے بعد 29 گاڑیوں کا دوسرا قافلہ 671 یاتریوں کو لے کر پہلگام کیلئے نکلا۔حکام نے بتایا کہ گزشتہ تین دنوں میں زائرین کی تعداد میں زبردست کمی آئی ہے۔سالانہ 43 روزہ یاترا 30 جون کو شروع ہوئی۔
حکام نے بتایا کہ اب تک 2.3 لاکھ سے زیادہ زائرین نے درشن کئے۔یہ یاترا 11 اگست کو رکھشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہونے والی ہے۔جاری یاترا کے دوران کل 36 لوگوں کی موت ہو گئی ہے،جن میں 15 یاتریوں کو چھوڑ کر، جو یکم جولائی کو سیلاب میں ہلاک ہو گئے تھے۔