جموں //امرناتھ یاترا کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں اور سیکورٹی ایجنسیوں نے جموں توی ریلوے اسٹیشن پر اس سلسلے میں مشق بھی کی ہے ۔ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں منیش کمار سنہا نے بتایاکہ یاترا کیلئے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ وطن دشمن اور سماج دشمن عناصر کی کوششوں کو ناکام بنایاجاسکے ۔آئی جی جموں نے کہاکہ یاترا ہمیشہ سے ہی جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کیلئے ایک بڑا سیکورٹی چیلنج رہی ہے اور اس سلسلے میں سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ جموں صوبہ میں یاترا پانچ ضلع کے 268کلو میٹر علاقے سے ہوتے ہوئے لکھن پور سے جواہر ٹنل عبور کرے گی جس کیلئے ان علاقوں کو زون اور سیکٹروں میں تقسیم کیاگیاہے ۔ انہوں نے بتایاکہ ایس پی رینک کے افسران کو زون کا انچارج بنایاگیاہے جبکہ سیکٹروں کی دیکھ ریکھ نان گزیٹیڈ افسران کریں گے ۔انہوں نے بتایاکہ یاترا کے راستوں کے علاوہ پورے صوبہ میں سیکورٹی کے کڑے بندوبست کئے گئے ہیں اور اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے ۔سنہا کے مطابق امسال پہلے سال کے مقابلے میں زیادہ سیکورٹی اہلکارتعینات ہیں اور ہر ایک کونے میں سیکورٹی کا انتظام کیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ سرحد پر جنگجوئوں کی دراندازی کو روکنے کیلئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں ۔آئی جی جموں کے مطابق اہم راستوں اور لنگروںکو سی سی ٹی وی کیمرے کے ماتحت لایاگیاہے ۔دریں اثناء پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کی طرف سے جموں توی ریلوے اسٹیشن پر سیکورٹی کی مشق کی گئی ۔ایس ایس پی ریلوے رنجیت سنگھ سمبیال نے بتایاکہ ریلوے اسٹیشنوں پر بھی سیکورٹی بڑھادی گئی ہے اور دن رات پٹرولنگ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں امن دشمن عناصر کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے تیار ہیں ۔
خورشید گنائی نے بھگوتی نگر میں انتظامات کا جائزہ لیا
جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے بھگوتی نگر یاتری نواس کا دورہ کر کے امرناتھ یا ترا کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔جوائنٹ ڈائریکٹر سیاحت شوکت ملک اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔مشیر موصوف نے یاتری نواس میں تجدید و مرمت کے کاموں کا معائنہ کیا۔ اُنہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام اِنتظامات مکمل کریں تاکہ یاتریوں کو کسی قسم کی دِقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے یاتریوں کے لئے کئے جارہے سلامتی اِنتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے کہا کہ خاص طور سے پانی ،بجلی ،طبی نگہداشت ، صفائی ستھرائی کی پہلوئوں کی طرف توجہ دی جانی چاہئیں۔مشیرموصوف نے وہاں کئے گئے اِنتظامات پر اطمینان کا اِظہار کیا ۔