کنگن+قاضی گنڈ // سوموار کوبال تل سے امر ناتھ گپھا کی طرف ایک او ر قافلے کو روانہ کیا گیا جبکہ گذشتہ شب بال تل میں ایک اور یاتری کی قدرتی موت واقع ہوئی ۔ ہوائی سروس کے ذریعے بھی سینکڑوں یاتری گپھا کی طرف روانہ ہوئے ۔ گذشتہ شب 60سالہ گورمن سنگھ ولد گرتال سنگھ ساکن پنجاب کی دماغ کی نس پھٹنے سے موت واقع ہوئی ۔اس طرح بارہ روز میں بال تل اور پہلگام میں ایک بی ایس ایف سب انسپکٹر سمیت 15یاتریوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ ادھرجواہر ٹنل کے نزدیک ایک یاترا گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں2 یاتری ہلاک اور6 دیگر زخمی ہوئے ۔لدھیانہ پنجاب سے امر ناتھ گھپا جانے والی انووا گاڑی زیر نمبرPB08DS/ 0487 ٹنل پار کرتے ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر زگ پر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 8یاتری شدید زخمی ہوئے ۔جن میں سے بعد میں 20سالہ گورور ساکن لدھیانہ اور 22سالہ ونود کمار ولد سریندر کمارساکن لدھیانہ پنجاب اسپتال پہنچنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے۔