ہیرانگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہیرا نگر سیکٹر میں بی ایس ایف کے باڈر آوٹ پوسٹ کا دورہ کیا ۔ انہیں بی ایس ایف کے انسپکٹرجنرل، این ایس جموال نے حفاطتی تیاریوں اور بین الاقوامی سرحد کی حفاظت کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میںجانکاری دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے بین الاقوامی سرحد کا بی او پی ، بوبیا سے بھی جائزہ لیا۔بعد میں لیفٹیننٹ گورنر نے ہیرا نگر علاقے کے سرحد کا دورہ کیا اور وہاں مقامی لوگوں کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی۔بوبیا اور دیگر سرحدی دیہات کے لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر کو انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے ازالے کے لئے ان کی مداخلت طلب کی۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کو سرحدی علاقوں کے لوگوں کے لئے ریزرویشن کے لئے مقرر کی گئی مسافت کا از سر نو جائزہ لینے کی درخواست کی او راسے از سرنو منظم کرنے کی مانگ کی۔انہوں نے فصیل کے باہر اراضی پر کاشتکاری کا مسئلہ بھی ان کے گوش گذار کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے انہیں بغور سنا اور یقین دلایا کہ ان کی جائز مانگوں پر غور کیا جائے گا۔انہوں نے انہیں سرحدی فصیل سے باہر کاشتکاری کرنے کے لئے کہا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بی ایس یف کو مقامی لوگوں کے مسائل کے ازالے میں انہیں تعاون دینے کے لئے کہا او رسول انتظامیہ کے متعلقہ افسروں کو موقعہ پر ہی سرحدی علاقوں کے رہنے والے لوگوں کے لئے چند مسائل حل کرنے کی ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ کمشنر سیکرٹری ٹرانسپورٹ ہردیش کمار، صوبائی کمشنر سنجیو ورما ،آئی جی پی جموںمکیش سنگھ،آئی جی پی بی ایس ایف این ایس جموال ،ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوہ او پی بھگت اور دیگر اعلیٰ افسران تھے۔