سرینگر//جموں کشمیرہوٹل اینڈریسٹورنٹ ایسوسی ایشن نے سرینگر کے ڈپٹی میئر کے ساتھ ایک ملاقات میں سرینگرکے ماسٹرپلان2035پرتجارتی سرگرمیوںاور سیاحتی ڈھانچے کے تعلق سے اپنی تشویش کااظہارکرتے ہوئے شہرخاص کووراثتی اورتمدنی سیاحتی جگہ کے طور ترقی دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔جموں کشمیرہوٹل اینڈریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے سنیچر کوسرینگرکے ڈپٹی میئر شیخ عمران کے ساتھ ملاقات کی۔وفد نے سیاحتی اورتجارتی سرگرمیوں کے حوالے سرینگر کے ماسٹر پلان 2035پر اپنی تشویش کااظہار کیا۔ وفد نے کہاکہ حکومت نے ہوٹلوں کیلئے مشترکہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا۔اس مشترکہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے اراضی کی بھی نشاندہی کی گئی لیکن ابھی تک اسے تعمیر نہیں کیاگیا۔سرینگر کے ماسٹر پلان کے مطابق یہ مشترکہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ بنانے چاہیے اور ہوٹل مالکان اس کے استعمال کی قیمت اداکرسکتے ہیں۔ہوٹلوں سے خارج ہونے والاتمام گندا موادان ٹریٹمنٹ پلانٹوں میں صاف کیا جائے گا۔وفد نے کہا نئے ماسٹر پلان کے مطابق نئے ہوٹل اور گیسٹ ہاوس وغیرہ کی تعمیر کی اجازت تب ہی دی جاسکتی ہے جبکہ انہیں تعمیر کرنے والوں کے پاس کم سے کم چار کنال اراضی ہو۔تاہم اس میں موجودہ ہوٹلوں کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے ۔پہلے جب اس پر کوئی پابندی نہیں تھی ،اکثر ہوٹل معروف بازاروں میں تعمیر کئے گئے یا وہاں عمارات کو ہوٹلوں میں تبدیل کیاگیا۔وفد نے کہا کہ 2004میںاُ س وقت کی حکومت نے رہائشی مکانات کو ہوٹلوں،گیسٹ ہاوسوں میں تبدیل کرنے کی اجازت دی جو اس وقت محکمہ سیاحت کے پاس درج شدہ ہیں ۔جموںکشمیر ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن نے شہرخاص کو وراثتی اور تمدنی سیاحت کے طور فروغ دینے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ شہرخاص کوتحفظ فراہم کیا جانا چاہیے اور اس کے نازک ماحول کاتوازن بگاڑنا نہیں چاہیے۔جموں کشمیر ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن نے سرینگر کے ماسٹر پلان میں اُن مقامات جہاں ہوٹلوں،گیسٹ ہاوسوں اوردیگر تجارتی اداروں کی کثرت ہے ،جیسے گونی کھن،ڈل گیٹ،راجباغ،جواہرنگر میں کسی پارکنگ جگہ کی سہولیات نہ ہونے کی نشاندہی بھی کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سڑک کے دونوں اطراف جہاں تجارتی اورسیاحتی سرگرمیاں سالہاسال سے ہورہی ہیں ،کو مکمل تجارتی مقامات قراردیاجانا چاہیے۔جموں کشمیر ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن وفد نے صدر شوکت احمدچودھری کی قیادت میں ڈپٹی میئر پرفضائی آلودگی کوقابو کرنے،پانی کے وسائل اور آبی پناہ گاہوں کو تحفظ فراہم کرنے اور جہانگیرچوک،مہاراج بازار،قمرواری چوک میں ٹریفک کو کم کرنے،جہلم کے کناروں کو خوبصورت بنانے اور آبی ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرنے پرزوردیا۔