بانہال // پیر کی شام رامسو کے ہنگنی کی پہاڑیوں پر بادل پھٹنے کے بعد ائے سیلابی ریلوں کی وجہ سے افکان کمپنی سے وابسطہ ایک ڈرائیور بشیر احمد گوجر ساکنہ ہنگنی رامسو لاپتہ ہو گیا ہے اور آج دن بھرکی کوشش کے باوجود بھی رامسو پولیس اور مقامی رضاکار لاپتہ ڈرائیور کے بارے میں کوئی بھی پتہ لگانے میں کامیاب نہیں ہوئے ہیں۔ سیلابی ریلے کی وجہ سے ہنگنی علاقے میں ریلوے ٹنل کی رسائی کیلئے جانےوالی رابطہ سڑک کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ ایک بس اور ایک الٹو کار سمیت کئی مشینوں ، گاڑیوں اور افکان کمپنی کے میکنیکل یارڈ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ایس ایچ او رامسو منیر احمد خان نے کشمیر عظمی کو عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ افکان سے وابستہ ڈرائیور بشیر احمد گوجر اپنی گاڑی دھو رہا تھا کہ نالے میں سیلابی کی زد میں اکر اس میں بہہ جانے کا خدشہ ہے اور اندیشہ ہے کہ لاش ملبے کے نیچے دب گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اج دن بھر پولیس اور رامسو کے مقامی رضاکاروں نے ڈھونڈ نکالنے کی ہر ممکن کوشش کی اور اس کیلئے ملبے کو مشینوں سے بھی ہٹایا گیا لیکن لاپتہ ڈرائیور کا کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کے روز بھی تلاش کاروائی جاری رہے گی اور ڈرائیور کی بازیابی کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔