عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلی سریندر چودھری نےآکاشوانی میں ہندی پکھواڑہ تقریبات کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے عام لوگوں میں ہندی کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر زور دیا اور ساتھ ہی ملازمین میں ہندی کے لیے بیداری بھی بڑھائی۔ انہوں نے کہا کہ ہندی تیسری سب سے بڑی بولی جانے والی زبان ہے جو اس زبان کے عالمگیر اثرات کو ظاہر کرتی ہے۔ہندی زبان کو ایک سمندر قرار دیتے ہوئے، جس میں وقت کے ساتھ بہت سی تبدیلیاں آئی ہیں، نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہندی زبان نے مختلف زبانوں کے بہت سے الفاظ کو جذب کر لیا ہے جو اب لوگ آسانی سے استعمال اور سمجھ رہے ہیں۔چودھری نے کہا کہ ہندی وہ زبان ہے جو ہندوستان کی وسیع سرحدوں کو جوڑ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں ملک میں ہر جگہ زبان کی رکاوٹوں کو دور کرنے کی بڑی صلاحیت ہے۔تقریب کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے شجرکاری مہم ’’ایک پیڑ ماںکے نام‘‘ میں بھی حصہ لیا۔ انہوں نے مختلف زمروں میں مقابلہ جیتنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔