نیوز ڈیسک
//
اسلام آباد+ واشنگٹن // پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر جنرل (ریٹائرڈ) ناصر خان جنجوعہ نے ہندوستان کے ساتھ اختلافات کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہندستان سے کہا ہے کہ دونوں جوہری اسلحہ والے ممالک ہیں اور دونوں کے درمیان ہمیشہ دشمنی نہیں رہ سکتی۔ جنرل جنجوعہ نے ہفتے کی شام ایک پروگرام کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات دور ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا، 'ہمیں بات چیت کرکے مسائل کا حل کرنا چاہئے ، اچھا ہوگا کہ یہ کام ہم اپنے آنے والی نسلوں پر چھوڑنے کی بجائے خود ہی کریں۔اپنے اختلافات کو دور کر کے ہمیں آگے بڑھنا چاہیے '۔ انہوں نے کہا 'اختلافات کو دور کرنے کے عزم کے بارے میں ہندستان کو بہت واضح طور پر بتا دیا گیا ہے ، ساتھ ہی ہمارا یہ پیغام کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہونے کا بھی اشارہ ہے ۔اس دوران امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیاںجنگ کوئی متبادل نہیں ہے اور پاکستان کو اس بات پر یقین ہے کہ کشمیرسمیت تمام معاملات کا حل باہمی بات چیت سے ہی ممکن ہوسکتا ہے۔ورلڈ بنک کی ایک تقریب کے دوران نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جلیل عباسی نے کہا ’’جنگ کیلئے جانا کوئی متبادل نہیں، اسکی وجہ یہ ہے کہ دونوں ملک اقتصادی ترقی چاہتے ہیں اور انہیں لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام چاہیے‘‘۔انکا مزیدکہنا تھا’’ دونوں ہمسائی ملک جوہری طاقت رکھتے ہیں لہٰذا جنگ کیسے کوئی متبادل ہوسکتا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ جنگ کے بارے میں سوچنا تخیل سے باہر ہے، پاکستان کی حکومت کی سوچ یہی ہے کہ تمام معاملات بات چیت سے حل ہوں۔