نئی دہلی / سابق ہندوستانی اوپنر گوتم گمبھیر کا خیال ہے کہ آئی سی سی ٹورنامنٹ کے بڑے میچوں میں ہندوستانی ٹیم کو دباؤ کا سامنا کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اسی وجہ سے اس نے بہت سے فیصلہ کن میچ ہارے ہیں۔اسٹار اسپورٹس شو کرکٹ کنکٹڈ میں بڑے ٹورنامنٹوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کے دباؤ کا سامنا کرنے پر گمبھیر نے کہا کہ ایک اچھے کھلاڑی اور ایک بہت اچھے کھلاڑی میں یہ فرق ہوتا ہے کہ وہ آپ کو فیصلہ کن میچوں میں اپنی ذمہ دارانہ کارکردگی سے میچ جتا سکتا ہے ۔ میری نظر میں ہندوستانی ٹیم ان میچوں میں دباؤ کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں ہے جبکہ دوسری ٹیمیں بھی یہ کام کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ سیمی فائنل اور فائنل کی کارکردگی کو دیکھیں تو آپ دیکھیں گے کہ ٹیم لیگ کی سطح میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے لیکن جیسے ہی سیمی فائنل اور ناک آؤٹ میچ آتے ہیں تو ٹیم کی کارکردگی مایوس کن ہوجاتی ہے ۔ اس کی وجہ کمزور ذہنیت ہے ۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ ہمارے پاس سب کچھ ہے ۔ ہمارے پاس عالمی چمپین بننے کی صلاحیت ہے لیکن آپ کو عالمی چمپیئن نہیں کہا جاسکتا جب تک کہ آپ اسے کرکٹ کے میدان پر ثابت نہیں کرتے ہیں۔ گمبھیر نے کہا کہ ایسی حالت میں آپ کو اپنی قابلیت دکھانا ہوگی۔ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ دو طرفہ سیریز اور لیگ کی سطح میں آپ کو غلطیاں کرنے کے مواقع ملتے ہیں لیکن ناک آؤٹ میں آپ غلطی نہیں کرسکتے ہیں۔ اگر آپ نے غلطی کی ہے تو آپ کو سیدھے گھر جانا پڑے گا۔ اس جگہ پر اعتماد کی ضرورت ہے جو فیصلہ کن میچوں میں ہندوستانی ٹیم کے پاس نہیں ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی ٹیم اکثر ناک آؤٹ میچوں میں غوطہ کھا جاتی ہے ۔ ٹیم انڈیا 2016 میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ، 2017 میں چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان اور گذشتہ سال منعقدہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سے ہار گئی تھی۔ ان تمام ٹورنامنٹس کے لیگ میچوں میں ٹیم انڈیا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔یو این آئی