عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی //بالی ووڈ کے سْپر اسٹار اور ’ہی مین‘ کے نام سے مشہور دھرمیندر کی موت نے بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ ان کے چاہنے والوں میں غم کی لہر دوڑا دی ہے۔ ان کی آخری رسومات کل بغیر کسی شور شرابہ کے ممبئی واقع وِلے پارلے میں ادا کر دی گئیں۔ 6 دہائیوں سے فلم انڈسٹری میں سرگرم رہنے والے دھرمیندر نے کئی فلموں میں کام کیا اور مداحوں کو محظوظ کیا۔ اداکار گزشتہ کافی عرصہ سے بیمار تھے۔قابل ذکر ہے کہ دھرمیندر کا علاج اْن کے جوہو واقع گھر پر ہی چل رہا تھا۔ پیر کی دوپہر اْن کے بنگلہ ’سنی وِلا‘ میں اچانک سرگرمیاں تیز ہو گئیں، جس سے علاقے میں ہلچل مچ گئی اور پھر موت کی خبر گردش کرنے لگی۔ سنی وِلا میں جب ایمبولینس پہنچی تو سرگرمیاں مزید بڑھتی ہوئی دیکھی گئیں۔ بعد ازاں دھرمیندر کے جسد خاکی کو پون ہنس کے وِلے پارلے لے جایا گیا، جہاں اہلِ خانہ کی موجودگی میں ان کی آخری رسومات فوری طور پر ادا کر دی گئی۔ اس دوران گھر والوں نے انتہائی خاموشی اختیار کیے رکھی اور سخت سیکورٹی کے درمیان اداکار کی آخری رسومات انجام دی گئیں۔ آخری رسومات میں اہل خانہ کے علاوہ بالی ووڈ کی کچھ مشہور ہستیاں موجود تھیں۔ امیتابھ بچن اور عامر خان سمیت بالی ووڈ کے کئی بڑے ستارے وِلے پارلے کے شمشان گھاٹ پہنچتے نظر آئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دھرمیندر کے گھر ایک ایمبولینس کو داخل ہوتے دیکھا گیا تھا، جس کے فوراً بعد ممبئی پولیس نے سیکورٹی کے پیشِ نظر بنگلہ کے باہر بیریکیڈنگ شروع کر دی تھی۔ پولیس فورس کے علاوہ تقریباً 50 پرائیویٹ سیکورٹی گارڈز کی ٹیم بھی موقع پر موجود تھی۔ آخری رسومات کی تکمیل تک دیول خاندان کی طرف سے دھرمیندر کے انتقال کی تصدیق نہیں کی گئی تھی، کافی دیر بعد میں یہ افسوسناک خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی گئی۔
مودی اور راہل سمیت کئی لیدڑوں کی تعزیت
یو این آئی
نئی دہلی //وزیر اعظم نریندر مودی نے معروف اداکار دھرمیندر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک غیر معمولی اداکار قرار دیا۔ اداکار دھرمیندر کی موت کو ہندوستانی سنیما میں ایک دور کا خاتمہ قرار دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ وہ ایک غیر معمولی اداکار تھے اور جس سنجیدگی کے ساتھ انہوں نے اپنے کرداروں کو نبھایا۔ اس نے فلموں میں ان کی گہری چھاپ چھوڑی ہے ۔ ان کے اسی انداز نے انہیں ایک مشہور فلمی شخصیت اور ایک غیر معمولی اداکار بنا دیا۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ چھ دہائیوں تک ملک کے ہر شہری کے دلوں کو چھونے والے دھرمیندر کی موت ہندوستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے ۔کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے لیجنڈری اداکار دھرمیندر کو دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے انتقال کو ہندوستانی سنیما کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ “عظیم اداکار دھرمیندر جی کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک اور ہندوستانی فن کی دنیا کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ تقریباً سات دہائیوں پر محیط سینما میں ان کی بے مثال شراکت کو ہمیشہ احترام اور محبت کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ میں دھرمیندر جی کو دلی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔”