۔20لاکھ لوگوں کو فوری ریلیف کی ضرورت: عالمی ادارہ صحت
یو این آئی
نئی دہلی// ہندوستان نے اتوار کو فضائیہ کے ایک طیارے کے ذریعہ فلسطین کے لوگوں کے لئے 38.5 ٹن طبی اور امدادی سامان بھیجا ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلی فونک گفتگو کی تھی جس میں فلسطین کیلئے بھارت کے امداد کا اعادہ کیا گیا اور کہا کہ بھارت فلسطین کی امداد جاری رکھے گا۔وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے بتایا کہ ہندوستانی فضائیہ کے ایک سی- 17 ٹرانسپورٹ طیارے کے ذریعے تقریباً 6.5 ٹن طبی امداد اور 32 ٹن آفات سے متعلق امدادی سامان فلسطین کے لوگوں کے لیے بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طیارہ امدادی سامان کو مصر کے العریش ہوائی اڈے پر اتارے گا، جہاں سے اسے بین الاقوامی ریڈ کراس کے ذریعے غزہ پٹی کے علاقے میں پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بھیجے گئے امدادی سامان میں زندگی بچانے والی ضروری ادویات، آلات جراحی، خیمے، سلیپنگ بیگ، ترپال، صفائی کی سہولیات، پانی صاف کرنے کی گولیاں اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔
وزارت خارجہ ترجمان نے اتوار کو کہا کہ طبی سامان میں زندگی بچانے والی ضروری ادویات اور حفاظتی اور جراحی کی اشیا شامل ہیں جن کا مقصد ہنگامی طبی حالات سے نمٹنے کے لیے ہے۔ میڈیکل سپلائی کا بندوبست کرتے وقت زخموں کی دیکھ بھال کا بھی خیال رکھا گیا۔فوری امداد کے لیے انسانی امداد میں سیال اور درد کش ادویات شامل کی گئی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ڈیزاسٹر ریلیف میٹریل جس کا وزن تقریباً 32 ٹن ہے ، میں خیمے، سلیپنگ بیگ، ترپال، بنیادی سینیٹری یوٹیلیٹی، پانی صاف کرنے کی گولیاں وغیرہ شامل ہیں۔ہندوستانی فضائیہ کا ایک C17 طیارہ امدادی سامان لے کر صبح 8 بجے ہندن ایئربیس سے روانہ ہوا۔ یہ دوپہر 3 بجے (IST) مصر کے العریش ہوائی اڈے پر اترا۔ ارندم باغچی نے کہا، “ایک IAF C-17 پرواز تقریباً 6.5 ٹن طبی امداد اور 32 ٹن آفات سے متعلق امدادی سامان فلسطین کے لوگوں کے لیے لے کر مصر کے العریش ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہوئی۔ہفتے کے روز، انسانی امداد لے جانے والے 20 ٹرکوں کو بالآخر مصر کی رفح سرحد سے غزہ کی پٹی میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی۔ تاہم، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے متنبہ کیا کہ 2 ملین سے زیادہ افراد پر مشتمل انکلیو میں “ضرورتیں کہیں زیادہ ہیں”۔