ناگپور/ اسپنروں اور تیز گیندبازوں کے شاندار کھیل کی بدولت ہندوستان نے سری لنکا کی ٹیم کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن ہی لنچ سے تھوڑی دیر بعد 166 رن کے معمولی اسکور پر آؤٹ کرکے میچ ایک باری اور 239 رنوں سے جیت لیا اور اسی کے ساتھ میزبان ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں 0۔1 کی اہم برتری حاصل کرلی۔ اس سے قبل ہندستان نے مئی 2007 میں بنگلہ دیش کو ڈھاکہ میں ایک اننگ اور 239 رنوں سے ہرایا تھا اس طرح اس نے اپنے ٹیسٹ تاریخ میں سب سے بڑی کامیابی کی برابری بھی کرلی ہییعنی اس نے سری لنکا کو بھی ایک اننگ اور 239 رنوں سے ہراکر اپنے ہی ریکارڈ کی برابری کرلی ہے۔کولکتہ میں ڈرا ہوئے پہلے ایڈن ٹیسٹ کی غلطیوں سے سبق لیتے ہوئے دنیا کی نمبر ایک ہندستانی ٹیم نے اس میچ میں آغاز سے ہی اپنا کنٹرول برقرار رکھا۔آف اسپنر روی چندرن اشون نے لارو گماگے (صفر) کا آخری وکٹ لے کر نہ صرف سری لنکا کی اننگ کو سمیٹا بلکہ اسی کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے تیز 300 وکٹیں لینے کا بھی شرف حاصل کیا۔ اس میچ میں اشون نے آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کے خلاف کپتان وراٹ کوہلی کے ڈبل سنچری سمیت چار سنچریوں سے آراستہ اپنی پہلی اننگز میں چھ وکٹ پر 610 رن بنا کر باری ڈکلیئر کرنے والی ٹیم انڈیا نے سری لنکا کو دوسری اننگز میں چوتھے ہی دن لنچ کے کچھ دیر بعد 49.3 اوور میں 166 رن پر آؤٹ کردیا۔