سرینگر//شمالی کشمیر کے ہندوارہ کا ایک18سالہ بھانکا نوجوان پیر کوصدر اسپتال سرینگر میں کورونا کی وجہ سے جاں بحق ہوگیا۔
حکام کے مطابق یہ جموں کشمیر میں کورونا سے ہونے والی اب تک کی کم عمر ترین شہری کی موت ہے۔اس طرح مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ابھی تک کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد61 ہوگئی ہے۔
صدر اسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر چودھری نے خبر رساں ایجنسی جی این ایس کو بتایا کہ مذکورہ نوجوان کو سر میں شدید چوٹ لگنے کے بعد12جون کے روز صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھاجہاں نوجوان کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جس کی رپورٹ مثبت آگئی۔ وہ آج علی الصبح انتقال کرگیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ نوجوان کورونا سے ہونے والی اب تک کی کم عمر ترین شہری کی ہلاکت ہے۔ابھی تک لولاب کپوارہ کے رہنے والے27سالہ شہری کو ،جو13روز قبل جاں بحق ہوگیا، کم عمر ترین کورونا شکار سمجھا جاتا تھا۔
جموں کشمیر میں اب کورونا ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر61ہوگئی ہے جن میں54وادی کشمیر میں ہوئی ہیں۔ضلع سرینگر میں سب سے زیادہ 13کورونا ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔