سرینگر//سینئر صحافی سید شجاعت بخاری کی یاد میں ہندوارہ میں ایک ادبی تقریب منعقد ہوئی جس میں مرحوم صحافی کے ایصال ثواب کے لیے دعاکی گئی۔تقریب کا اہتمام ادارہ تحقیق وادب نے کیا تھا ۔ تقریب کی صدارت وادی کے معروف شاعر اور افسانہ نگار بشیر منگوالپوری نے کی جبکہ ایوان صدارت میں مہمان ذی وقار معروف افسانہ نگار اور نقاد ڈاکٹر ریاض توحیدی موجود تھے۔تقریب کے دوران ایک محفل مشاعرہ منعقد ہوا ۔جس میں شعراء نے شجاعت بخاری کے متعلق اپنے تاثرات پیش کئے ۔اس موقع پر شجاعت بخاری کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس ہلاکت کو انسانیت کا قتل قرار دیا گیا۔اس دوران شجاعت بخاری کی یاد میں کپوارہ میں جر نلسٹس فریٹر نٹی کی ایک تعزیتی تقریب منعقد ہوئی جس میں مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔تعزیتی تقریب میں فیا ض حمید ، اشرف چراغ ، نثار شاہین ،شاہجہاں افضل ، تصدق حسین ،سہیل یوسف شاہ ، پیرزادہ عابد ، نذیر احمد قریشی ،شاعر اور قلمکار مشتاق ساگر کے علاوہ سماجی کارکن پیراظہر نے شرکت کی ۔اس موقع پر شجاعت بخاری کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی ۔
رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی نے تحقیقات کا مطالبہ کیا
سرینگر// رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے ایک تعزیتی اجلاس میں شجاعت بخاری کی ہلاکت کو بہیمانہ قتل سے تعبیر کرتے ہوئے کسی غیر جانبدار ادارے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ۔سوسائٹی چیئرمین مبارک گل کی سربراہی میں منعقد ہوئے اس اجلاس میںسوسائٹی کے جنرل سیکریٹری محمد امین ٹکہ ، وائس چیئرمین محمد مقبول میر، چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع، وائس چیئرمین صوبہ کشمیر محمد اشرف خان، ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون، جنوبی کشمیر کے چیئرمین ڈاکٹر محمد شفیع اور عہدیداران صوبہ کشمیر نے شرکت کی۔
لال سنگھ کا بیان صحافت پر حملہ:محاذ آزادی
سرینگر//محاذآزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر،نائب صدر قطب عالم اور سیکریٹری ارشاد حسین شاہ نے ایک بیان میں کشمیری صحافیوںسے متعلق بی جی پی لیڈر چودھری لال سنگھ کی دھمکی کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوںکو دھمکانے اور ہراساں کرکے آزاد صحافت کو یر غمال بنانے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ دنیا کشمیر کی صحیح صورتحال سے بے خبر رہے۔