سرینگر// پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بات چیت کے انکے موقف کی سعودی عرب اور بھارت کے مشترکہ اعلامیہ میں تصدیق ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیر اعظم ہند نریندر مودی کی میٹنگ کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں پاکستان کے ساتھ مذاکراتی عمل کی وکالت کو پذیر آرائی حاصل ہوئی ہے۔ محبوبہ نے سماجی رابطہ گاہ ٹیوٹر پر تحریر کیا’’جنگ کی فضا کے بیچ، ہند وستان اور پاکستان کے درمیان مذاکراتی عمل کی صورتحال کو بہتر بنانے کا سعودی اور بھارت کا مشترکہ اعلامیہ ایک خوش آئند قدم ہے،جبکہ جنگی جنون رکھنے والوں کیلئے یہ واضح پیغام ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر رہی کہ ہند و پاک کے درمیان کسی بھی قسم کی مخاصمت آرائی سے خبردار رہنے کے بیان پر غم و غصے کا اظہار کیوں کیا گیا۔ انہوں نے تحریر کیا’’میں اپنے اس بیان پر غصہ کرنے والوں کو سمجھنے میں ناکام ہوئی،کوئی آدھے دماغ والا شخص بھی جنگ کی وکالت نہیں کریگا بالخصوص ان دو ملکوں کے درمیان جو نیوکلیائی ہتھیاروں سے لیس ہیں،ہر ایک ٹی وی اینکر جنگ کیلئے چلا رہا ہے۔