واشنگٹن// امریکہ نے بھارت اور پاکستان کو مل بیٹھ کے سرحدوں پر جاری کشیدگی ختم کرنے کے لئے بات چیت کرنے پر زور دیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ہیتھر نورٹ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ’’ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ دونوں کو مل بیٹھ کر بات چیت کرنے کے ذریعے یہ مسئلہ حل کرنا چاہئے‘‘۔ وہ ایک نامہ نگار کے اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ امریکہ دونوں ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی کم کرنے کے لئے کیا رول ادا کر سکتا ہے۔ ادھر امریکی کانگریس میں بھی سرحدوں کے حالات کی باز گشت اس وقت سنائی دی جب بریفنگ کے دوران امریکی مرکزی کمان کے جنرل جوزف وائٹیل نے کہا کہ دو نیو کلیائی ممالک کے درمیان کشیدگی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے، جو ایک تشویش ناک معاملہ ہے۔