واشنگٹن //بھارت اور پاکستان کے درمیان آبی تنازعات پر ممکنہ طور دو روزہ مذاکرات آج یعنی14ستمبر سے واشنگٹن میں شروع ہونگے۔سیکرٹری سطح پر ہونے والے ان آبی مذاکرات کی نگرانی عالمی بینک کرے گا۔دونوں ممالک کے وفودواشنگٹن روانہ ہوگئے ہیں۔پاکستانی وفد میں سیکرٹری پاور یوسف نسیم کھوکھر، انڈس واٹر کمشنر مرزا آصف بیگ، جوائنٹ سیکرٹری واٹر سید مہر علی شاہ شامل ہیں۔ دو روزہ مذاکرات میں پاکستان بھارت کے متنازعہ بجلی منصوبوں رتلے، پکال دل، مہار، لوئر کلنائی پربات چیت کرے گا۔یاد رہے کہ سیکرٹری سطح کے ہندپاک آبی مذاکرات عالمی بینک کی زیرنگرانی ہورہے ہیں۔پاکستان نے بھارت کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے کشن گنگا پن بجلی منصوبے کے ڈیزائن پر اعتراضات اٹھا رکھے ہیں،ا س کے علاوہ پاکستان کو چناب پر لگائے جانے والے ان چاروں منصوبوں کے ڈیزائن پر اعتراضات ہیں۔واضح رہے کہ رواں سال آبی تنازع پر پاک بھارت کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا یہ دوسرا دور ہے۔ا س سے قبل مارچ میں اسلام آباد میں آبی تنازع پر پاک بھارت مذاکرات ہوئے تھے،جس میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی تھی۔ان مذاکرات میں بھارتی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر پی کے سکسینا اورپاکستانی وفد کی سربراہی انڈس واٹر کمشنر مرزا آصف بیگ نے کی تھی۔ان مذاکرات میں پاکستان نے بھارت کے ایک سو بیس میگاواٹ کے میار، اڑتالیس میگاواٹ کے لوئرکلنائی اور ایک ہزار میگاواٹ کے پکال گل منصوبے پر اعتراضات عائد کئے تھے۔