سرینگر//ہمہامہ میں ایک تیز رفتار ٹپر نے سی آر پی ایف کی بلٹ پروف جپسی کو زوردار ٹکر ماری جس کے نتیجے میں ایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ سمیت4اہلکار بری طرح سے زخمی ہوئے۔یہ واقعہ سنیچر علی الصبح 5بجکر40منٹ پرسلسبیل ایجوکیشنل انسٹی چیوٹ ہمہامہ کے نزدیک پیش آیا۔ذرائع نے بتایا کہ تیز رفتاری کے ساتھ جارہے ایک ٹپر زیر نمبرJK01P/8175نے مخالف سمت میں آرہی سی آر پی ایف کی بلٹ پروف جپسی زیر نمبر HRU26U/0722 کو سامنے سے ٹکر ماردی۔اس واقعہ میںجپسی کا اگلا حصہ مکمل طور تباہ ہوا اور اس میں سوار سی آر پی ایف کے4اہلکار زخمی ہوئے جن میں فورس کا ایک آفیسر بھی شامل ہے۔زخمی اہلکاروں کی شناخت اسسٹنٹ کمانڈنٹ ونود کمار شرما، کانسٹیبل رتن کمار، کانسٹیبل آنند کمار اور کانسٹیبل ڈرائیور رمیش چند کے بطور ہوئی ہے جن کا تعلق سی آر پی ایف کی117ویں بٹالین سے ہے۔چاروں زخمی اہلکاروں کو فوری طور اسپتال منتقل کیا گیا۔ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا، اُس وقت اقبال احمد صوفی ولد غلام حسن ساکن کرالہ پورہ دھرم گنڈ ٹپر چلا رہا تھا۔پولیس نے ٹپر کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور واقعہ کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر296/17درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔