جموں //ریاستی ٹیکس محکمہ نے کل کنونشن سینٹر میں جی ایس ٹی ہفتہ کی تقریبات کا افتتاح کرتے ہوئے گڈز اینڈ سروسز ٹیکس ( جی ایس ٹی ) کے کامیاب نفاذ کے چھ سال مکمل ہونے کی یاد میں منائی ۔ کمشنر اسٹیٹ ٹیکس ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر رشمی سنگھ نے اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ دیگر معززین بشمول ایڈیشنل کمشنر ٹیکس پلاننگ انکیتا کار ، ایڈیشنل کمشنر اسٹیٹ ٹیکس جموں نمرتا ڈوگرہ ، جوائینٹ کمشنر سی جی ایس ٹی جموں و کشمیر امیت شرما اور متعلقہ محکموں کے مختلف افسران نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رشمی سنگھ نے اسٹارٹ اپس پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے محکمہ کے اندر صلاحیت سازی کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ علم کے اشتراک اور جی ایس ٹی این اور آئی سی اے آئی جیسی بیرونی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون کے ذریعے اپنی صلاحیت کو بڑھانے پر کام کر رہے ہیں ۔ ایڈیشنل کمشنر اسٹیٹ ٹیکس جموں نمرتا ٖڈوگرہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور انکشاف کیا کہ 2022-23 کیلئے ایس جی ایس ٹی کی آمدنی 7300 کروڑ روپے تھی اور رواں مالی سال کیلئے اس کے 10000 کروڑ روپے تک پہنچنے کا امکان ہے ۔ انہوں نے سامعین کو ریونیو میں اضافے کے حوالے سے محکمہ کی کوششوں سے آگاہ کیا ۔ نمرتا ڈوگرہ نے کہا کہ محکمہ بدعنوانی میں ملوث اداروں کی نشاندہی اور سزا کے ذریعے سیکٹر میں صحت مند مسابقت کو یقینی بنانے کی کوشش کرتا ہے تا کہ ایماندار ٹیکس دہندگان اور جائیز کاروبار کو نقصان نہ پہنچے ۔ جی ایس ٹی کے مختلف پہلوؤں پر ایک تکنیکی سیشن کا انعقاد بھی کیا گیا جس کے دوران جموں ڈویژن کے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایک انٹر ایکٹو سیشن کا انعقاد کیا گیا ۔ ڈاکٹر رشمی سنگھ نے ان کی تاثیر اور کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور ڈیٹا کے تجزیہ کے استعمال کی اہمیت پر بھی زور دیا ۔ کمشنر اسٹیٹ ٹیکسز نے محکمے کے اندر اور بیرونی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اعتماد کو فروغ دینے کی اہمیت کے بارے میں بات کی ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ محکمہ کے اندر مواصلات کو بہتر بنانے اور معلومات کی عدم توازن کو ختم کرنے پر کام کر رہے ہیں ۔
جون میں 161497کروڑ ٹیکس وصول
سرینگر //مرکزی وزارت خزانہ نے کل کہا کہ جموں و کشمیر میں جون 2023 کے مہینے میں جمع ہونے والی جی ایس ٹی آمدنی میں پچھلے مالی سال کے جون کے مقابلے میں 58 فیصد کی متاثر کن اضافہ درج کیا گیا ہے ۔یہ شرح نمو قومی اوسط سے تین گنا زیادہ ہے اور درمیانے اور بڑے دائرہ اختیار میں ملک میں بہترین ہے ۔ جون 2023 میں جی ایس ٹی کی مجموعی آمدنی 588.68 کروڑ ہے جو جون 2022 میں 371.83 کروڑ تھی ۔جون 2023 کے مہینے کیلئے ہندوستان کی مجموعی جی ایس ٹی آمدنی 161497 کروڑ رہی جس میں سال بہ سال 12 فیصد اضافہ ہوا ۔ 2017 میں جی ایس ٹی کے آغاز کے بعد سے یہ چوتھی بار ہے کہ ماہانہ مجموعی جی ایس ٹی کی وصولی 1.60 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ہے ۔کمشنر اسٹیٹ ٹیکس جے اینڈ کے ڈاکٹر رشمی سنگھ نے ریاستی ٹیکس افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ماہ بہ ماہ جی ایس ٹی کی آمدنی میں مسلسل اضافہ کو یقینی بنانے کیلئے انتھک کوششیں کر رہے ہیں ۔