یاترا کے روحانی آغاز پر ہندو، مسلم و سکھ برادری نے مل کر یاتریوںکا خیرمقدم کیا
سمت بھارگو
راجوری//بابا بڈھا امرناتھ مندر کی سالانہ مقدس یاترا عقیدت و احترام کے ماحول میں شروع ہوئی، جس کے پہلے دن ہزاروں عقیدت مندوں نے قدیم مندر میں حاضری دے کر درشن کئے اور پوجا کی ۔پونچھ قصبہ سے منگل کی صبح یاتریوں کے پہلے جتھے کو سخت سیکورٹی بندوبست کے درمیان روانہ کیا گیا، جو راجپورہ گاؤں (تحصیل منڈی، ضلع پونچھ) میں واقع اس قدیم مندر کی جانب روانہ ہوئے۔ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے یاتریوں نے بھگوان شیو کے درشن کئے اور روحانی فیوض و برکات کے لئے پوجا کی ۔یاترا کے دوران یاتری بھجن گاتے اور مذہبی نعرے بلند کرتے نظر آئے، جو ان کے گہرے عقیدے کی عکاسی کر رہے تھے۔انتظامیہ نے یاترا کے پرامن اور محفوظ انعقاد کے لئے سیکورٹی، طبی سہولیات، پینے کے پانی اور رہائش سمیت تمام لازمی سہولیات فراہم کی ہیں۔ ضلع انتظامیہ، پولیس اور نیم فوجی دستے یاترا کے انتظامات کی مشترکہ نگرانی کر رہے ہیں۔یہ یاترا آنے والے دنوں میں بھی جاری رہے گی اور راکھی کے تہوار کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔دوسری جانب، پونچھ میں ہندو، مسلم اور سکھ برادری کے افراد نے بھائی چارے کی شاندار مثال پیش کرتے ہوئے زائرین کا پْرتپاک خیرمقدم کیا۔مقامی مسلمانوں، جن میں محمد فرید اور دیگر شامل تھے، نے کہاکہ ’ہم پونچھ کی سرزمین پر تمام مہمان یاتریوںکا دل سے استقبال کرتے ہیں اور ان کی میزبانی کو اپنے لئے باعث فخر سمجھتے ہیں‘‘۔