یواین آئی
نئی دہلی//انتخابی کمیشن نے جموں کشمیرمیں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کااعلان کرنے کے ساتھ ہی ہریانہ اسمبلی کیلئے چنائو کی تاریخ کا اعلان بھی کیا۔چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار، الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو نے یہاں جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں ہریانہ اورجموں کشمیرمیں انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ کمار نے کہا کہ 90 رکنی جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 24 نشستوں کے لیے نوٹیفکیشن 20 اگست کو جاری کیا جائے گا، یعنی امرناتھ جی یاترا کے اختتام کے اگلے دن اور کاغذات نامزدگی 27 اگست تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 اگست کو ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 اگست ہوگی۔ہریانہ کی 90 رکنی اسمبلی کے لیے ایک ہی مرحلے میں یکم اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی۔ اس کا نوٹیفکیشن 5 ستمبر کو جاری کیا جائے گا اور 12 ستمبر تک کاغذات نامزدگی داخل کیے جا سکیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 ستمبر کو ہوگی اور 16 ستمبر تک نام واپس لیے جاسکتے ہیں۔ کمار نے کہا کہ دونوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی ایک ساتھ 4 اکتوبر کو ہوگی اور انتخابی عمل 6 اکتوبر تک مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی انفورسمنٹ ایجنسیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر اور ہریانہ میں انتخابات کو شراب، منشیات اور دیگر لالچوں سے پاک رکھنے کے لیے پوری طرح چوکس رہیں۔