سرینگر// ریاستی سرکار نے ڈوگرہ شاہی دور کے آخری مہاراجہ کے یوم پیدائش پر سرکاری تعطیل کے مطالبے کو مسترد کیا ہے۔جموں میں ڈوگرہ انجمنوں اور سابق صدر ریاست ڈاکٹر کرن سنگھ کی طرف سے ڈوگرہ حکومت کے آخری سربراہ مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر سرکاری تعطیل کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ریاست کی طرف سے آئندہ سال کیلئے جو سرکاری کلینڈر جاری کیا گیا ہے،اس میں23ستمبر کو مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر کوئی بھی تعطیل نہیں رکھی گئی ہے۔امسال23ستمبر کو جموں میں مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر سرکاری تعطیل نہ ہونے کے خلاف کچھ حلقوں نے احتجاج کیا تھا،جبکہ ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے احتجاجیوں کو یقین دہانی کرائی تھی کہ آئندہ برس اس روز سرکاری تعطیل ہوگی،تاہم اب جبکہ سرکاری کلینڈر منظر عام پر آگیا ہے،تو اس میں23ستمبر کو کوئی تعطیل نہیں رکھی گئی ہے۔