عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی+جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے خطاب میں جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی کو سب سے زیادہ ترجیح دینے کے لیے مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون امیت شاہ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ آج یوٹی کے لوگوں کے لیے وقف کردہ 100 ای بسیں جموں شہر اور منسلک علاقوں میں سمارٹ موبلیٹی کو تبدیل کریں گی اور شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنائیں گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آج 885 ہمدردانہ تقرری کے خطوط جاری کیے گئے، جو شہدا کے خاندانوں اور محنتی ملازمین کو باوقار زندگی گزارنے کو یقینی بنانے کے ہمارے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے جموں کشمیر کے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ بقیہ مقدمات کی ہمدردانہ تقرریوں کے عمل کو تیز کریں گے۔انہوں نے کہا کہ “ہر آنکھ سے آنسو پونچھنا اور ہر خاندان کے لیے خوشگوار اور کامیاب زندگی کو یقینی بنانا ہمارا عزم ہے۔”اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے سماج کے ہر طبقے بالخصوص جموں کشمیر کے نوجوانوں کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کے لیے انتظامیہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ 24 جنوری کو ایک ہی دن میں 94,680 نوجوانوں کو فراہم کردہ کاروباری اور خود روزگار کے مواقع نے جموں و کشمیر کی تاریخ میں ایک سنہری باب رقم کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ اگست 2019 کے بعد 31,830 تقرریاں کی گئیں اور 12,264 آسامیوں کے لیے بھرتیوں کا عمل جاری ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی رہنمائی میں، ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کی صلاحیتوں اور خوابوں کو پورا کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ادھرلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے قومی یوم سیاحت کے موقع پر سیاحوں کو جموں وکشمیر کی قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے یہاں آنے کی دعوت دی ہے۔انہوں نے جمعرات کو سماجی رابطہ گاہ ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘جنت میں خوش آمدید! قومی یوم سیاحت پر میں سیاحوں اور کھوج کرنے والوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ جموں و کشمیر آکر یہاں کی قدرتی خوبصورتی، بہترین کھانوں، متحرک ثقافت اور غیر معمولی آف بیٹ سیاحتی مقامات اور تاریخ سے لطف اندوز ہوجائیں’۔