کئی دیہات زیر آب، کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو نقصان
سرینگر+شوپیان // ہارون اور شوپیان میں موسلا دھار بارشیں ہونے اور بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو ئی جس کے دوران 2شہری پانی کے ریلوں میں بہہ گئے جن میں ایک کو بچا لیا گیا جبکہ ایک لاپتہ ہوگیا۔منگل کی صبح ہارون اور اُس کے بالائی علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ شدید بارشیں ہوئیںجس کی وجہ سے وہاں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ۔ نالہ تلبل میں جلانے کیلئے لکڑیاں جمع کر رہا ایک 35سالہ نوجوان گلزار احمد خان ولد عبدالقیوم خان ساکن راجوری نالہ میں بہہ گیا جس کی تلاش کیلئے انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر ریسکو آپریشن جاری رکھا ہے ۔ہارون کے لوگوں کے مطابق سوموار اور منگل کی درمیانی رات شروع ہوئی بارشیں منگل کی صبح تک جاری رہیں اور یہ بارشیں رات سے ہی گرج چمک کے ساتھ ہو رہی تھیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ ہمیں یقین تھا کہ یہ بارشیں پوری وادی میں ہو رہی ہیں تاہم صبح معلوم ہوا کہ شدید بارشیں صرف ہارون اور اُن کے بالائی علاقوں میں ہوئی ہیںجس سے یہاں بڑے پیمانے پر زمین کا کٹائو ہوا ۔ نالہ تلبل میں طغیانی آنے سے ایک نوجوان پانی میں بہہ گیا جبکہ دوسرے شہری کو مقامی لوگوں کی مدد سے بچا لیا گیا ۔ڈائریکٹر ڈئزاسٹر منیجمنٹ عامر علی کا کہنا ہے کہ بھاری بارشوں نے ہارون اور داچھی گام علاقوں کو رات 2بجے سے منگل کی صبح 7بجے تک اپنی لپیٹ میں لیا جس کی وجہ سے تلبل نالہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے پانی نے بڑے پیمانے پر جہاں زمینی کٹائو کیا وہیں کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو بھی نقصان پہنچایا ۔ادھر جنوبی قصبہ شوپیان کے داچھو ہرپورہ اور سیدھو میں بھی بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیداہوئی جس دوران علاقے میں موجود ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ منگل سہ پہر داچھو ہرپورہ اور سیدھومیں اچانک موسم خراب ہوگیااور آسمان گڑگڑھاہٹ سے گونج اُٹھا جس کے دوران تیز بارشیں اور بادل پھٹے۔داچھو ہرپورہ اور سیدھوسے گزرنے والے ندی نالوں میں طغیانی جیسی صورتحال پید اہوئی جس کے نتیجے میں علاقوںمیں میوہ باغات، کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔