بانہال // جموں سرینگرشاہراہ پرکل رام بن کے نزدیک جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے ایک جج کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں 4افراد مارے گئے تاہم جج موصوف گاڑی میں سوار نہیں تھے۔پولیس نے بتایا کہ فارچونر گاڑی زیر نمبرJK-02BB/6686 سرینگر سے جموں جارہی تھی اور ہائی کورٹ جسٹس، جسٹس ایم کے ہانجورہ بذریعہ طیارہ جموں روانہ ہوئے تھے۔گاڑی میںان کا ڈرائیور ،باروچی اور دو سیکورٹی اہلکار موجود تھے۔ گاڑی رام بن کے نزدیک کیلاموڑ اور سیری کے درمیان شاہراہ سے لڑھک کر کم از کم تین سو فٹ گہری کھائی میں جا گری اور موقع پر ہی دو افراد کی موت کاباعث بنی۔ اس حادثے میں دو زخمیوں میں سے ایک نے ضلع ہسپتال رام بن میں جبکہ دوسرے زخمی نے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں میں دم توڑدیا۔ اجیت سنگھ نامی زخمی کو بذریعہ ہیلی کاپٹر رام بن سے جموں منتقل کیا گیا تھا ۔ پولیس نے مرنے والوں کی شناخت ڈرائیور ونود کمار ساکن مٹھی دومانہ جموں ، باورچی حکم چند ساکن رام نگرادہمپور ، 175 بٹالین سی آر پی ایف جوان اجیت سنگھ اور سنیل کمار ساکنان اتر پردیش کے طور کی گئی ۔