محتشم احتشام
پونچھ//نیشنل ڈیولپمنٹ یوتھ کلب پونچھ کی جانب سے گورنمنٹ ہائی اسکول کنویاں میں نوجوانوں کی بااختیاری اور شخصیت سازی کے موضوع پر ایک بامقصد آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا بنیادی مقصد طلباء میں خود اعتمادی، فیصلے کی صلاحیت اور قائدانہ اوصاف کو فروغ دینا تھا۔اس موقع پر معروف ٹرینر سبزار احمد نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان معاشرے کا حقیقی سرمایہ ہیں، اور ہر فرد اپنی ذات کا خود لیڈر ہوتا ہے۔ انہوں نے ہدف طے کرنے، نظم و ضبط، ذاتی ذمہ داری، ٹیم ورک، مثبت سوچ اور مؤثر مینجمنٹ تکنیک کے حوالے سے مفصل گفتگو کی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عظیم لیڈر وہ ہوتا ہے جو ذمہ داری قبول کرتا ہے، اپنی ٹیم کے ساتھ آگے بڑھتا ہے، حوصلہ افزائی کرتا ہے اور رہنمائی کے ذریعے مشترکہ اہداف حاصل کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’آئیں، آج ہی سے کل کے رہنماؤں کو بااختیار بنانے کا سفر شروع کریں۔اس پروگرام میں ساٹھ طلبہ اور عملے کے اراکین نے شرکت کی۔ طلباء نے سیشن کے دوران مختلف سوالات کئے اور نوجوانوں کی ترقی سے متعلق اپنی آراء کا اظہار کیا۔ ٹریننگ نے انہیں مستقبل کی منصوبہ بندی، فیصلہ سازی اور کردار سازی کے اہم نکات سے آگاہ کیا۔اس پروگرام کی نگرانی شری گلزار حسین، سربراہ ادارہ گورنمنٹ ہائی اسکول کنویاں نے کی۔ انہوں نے اس مثبت اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام طلبہ کی ذہنی نشوونما اور شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ اس سیشن سے حاصل شدہ علم کو روزمرہ زندگی میں بروئے کار لائیں۔طلبہ نے پروگرام سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ مستقبل میں سیکھے گئے نکات کو معاشرے کی بھلائی، مثبت فیصلہ سازی اور قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لئے استعمال کریں گے۔یہ پروگرام نوجوانوں میں قیادت، اعتماد اور عملی مہارتوں کے فروغ کے حوالے سے ایک کامیاب اور مؤثر قدم ثابت ہوا۔