جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر کے گورئمنٹ ہائر سکینڈری سکول گالی کالابن کی حفاظتی دیواروں میں سب سٹینڈرڈ میٹریل استعمال کرنے کا الزام عائد کیاجارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کے اعلیٰ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اْنکے ملازمین مبینہ طورپرجان بوجھ کر سب سٹینڈرڈ میٹریل استعمال کروا رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ 18 لاکھ روپے کا ٹینڈر 14.40 لاکھ میں اٹھایا گیا ہے اور مٹی کے بیچ سیمنٹ ڈالا جا رہا ہے جبکہ 95 فیصد پتھر اور مٹی استعمال کیا جا رہا ہے لوگوں نے پرنسپل بوائز ہائر سکینڈری سکول پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی کمیٹی کہا ںہے جن کے منہ کے سامنے سب سٹینڈرڈ میٹریل حفاظتی دیواروں میں استعمال ہو رہا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مذکورہ ہائر سکینڈری سکول ایک پہاڑی پر واقع ہے ۔علاقہ کے لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایس ڈی ایم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور سکول کا دورہ کیا جائے اور چل رہے کام کا جائزہ لیا جائے۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کام کا تفصیلی جائزہ لے کر ملوث ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔