مظفر آبا//حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ بھارتی جمہوریت کا چہرہ کھل کر سامنے آیا ہے ۔حزب ترجمان سلیم ہاشمی کی طرف سے موصولہ بیان میں صلاح الدین نے کہا ہے کہ ریاستی حکمرانوں کا ضمیر اگر اب بھی نہ جاگا تو انہیں اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔بیان کے مطابق صلاح الدین حزب کمانڈ کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں 9اپریل کوجاں بحق ہوئے نوجوانوں کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں نے بھارتی الیکشن کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ۔ اجلاس میںمرحومین کی بلند درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔اجلاس میںبھارت نواز سیاست دانوں اور ریاستی حکمرانوںکو مشورہ دیا گیا کہ وہ کشمیری قوم کے بچوں کو خاک و خون میں نہلا نے والے حکمرانوں کا ساجھے دار بننے اور ان کے خاکوں میں رنگ بھرنے کے بجائے نوشتہ دیوار پڑھ لیں اور صورتحال کا بغور جائزہ لے کراپنا کردار متعین کریں ۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ اب بھی کشمیری عوام اور عسکریت پسندوں کی ہمت اور آزادی کے جنوں کو سمجھنے میںناکام رہے تو تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی ۔ اجلاس میں اسلام آباد کے عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ انتخابی عمل کو مسترد کرکے دنیا کے ایوانوں تک یہ پیغام پہنچائیں کہ برہان وانی اور اس کے جانثاروں کے ورثاء زندہ ہیں اور وہ کسی بھی صورت میں اُن کے لہو کی توہین نہیں ہونے دیں گے۔