سرینگر// حریت (گ) چیئر مین سید علی گیلانی نے قاضی گنڈ معرکہ میں جاں بحق یاور بشیر کے تعزیتی جلسے سے ٹیلیفون کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے موصوف کے ساتھ ساتھ تمام شہداء کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارتی فوجی قبضے سے قوم کو آزاد کرنے کے لیے اپنی جوانیاں قربان کی ہیں اور قوم پر یہ فرض عائد ہوتا ہے وہ ان قربانیوں کی حفاظت کریں۔ گیلانی نے15؍دسمبر کو مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے بعد نماز جمعہ لالچوک اسلام آباد میں جلسہ میں شرکت کرنے کے حوالے سے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس جلسہ کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ بھارت کے حکمرانوں کے لیے ایک واضح پیغام ہوگا کہ جموں کشمیر کے عوام تحریک آزادی کے ساتھ ساتھ اپنی قیادت سے بھی والہانہ عقیدت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا جو سرفروش اپنی نماز جنازہ مجھ سے پڑھانے کی وصیت اور تمنا کرچکے ہیں، میں خود بھی اُن کی نماز جنازہ پڑھانا اپنے لیے سعادت سمجھتا ہوں۔ایسے جوانوں کے ساتھ محبت کرنا ہمارا ایمان ہے اور وہ ہماری مظلوم قوم کی آزادی کی خاطر اپنا خون بہاتے ہیں اور اپنا مستقبل ہمارے لیے قربان کررہے ہیں۔گیلانی نے کہا لوگوں کو شہداء کے خون کے بدلے سڑکیں، ڈیلی ویجری، راشن کارڈ اور دوسرے مراعات کا مطالبہ ان لوگوں سے نہیں کرنا چاہیے، جو فورسز کے مددگار بنے ہوئے ہیں۔ لوگوں کو ہندنواز سیاست دانوں کا ساتھ نہیں دینا چاہیے اور نا ہی ان کو ووٹ دینا چاہیے۔